اشاعت کے باوقار 30 سال

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ طلب

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ طلب

لاہور: ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کے فیصلے کے خلاف حکومتی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں فل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ حکومت کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری رپورٹ جوڈیشل ریکارڈ نہیں اور اسے شہادت کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
خواجہ حارث نے عدالت سے استدعا کی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق درخواستیں فل بینچ کے پاس زیر سماعت تھیں، اس لیے سنگل بینچ کو درخواستوں پر سماعت کا اختیار نہیں تھا لیکن سنگل بینچ نے حقائق کے برعکس سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ پبلک کرنے کا حکم دیا لہذا عدالت سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ پنجاب حکومت آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ پیش کرے اور ہم رپورٹ کا رازداری سے (ان کیمرہ) معائنہ کریں گے۔ واضح رہے کہ 17 جون 2014ء کو پنجاب پولیس نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن کے دفتر کے باہر موجود رکاوٹیں ہٹانے کے لیے انسداد تجاوزات آپریشن کیا تو پولیس اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حکم پر واقعے کی تحقیقات کے لیے جسٹس باقر علی نجفی پر مشتمل ایک رکنی عدالتی کمیشن تشکیل دیا گیا جس نے اپنی رپورٹ مکمل کر کے جمع کرا دی تاہم حکومت تاحال اس رپورٹ کو منظر عام پر لانے سے گریزاں ہے۔

loading...