اشاعت کے باوقار 30 سال

ماہرہ خان اور ہارون شاہد کا مداحوں کو زبردست سرپرائز

ماہرہ خان اور ہارون شاہد کا مداحوں کو زبردست سرپرائز

کراچی: پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار ہارون شاہد نے گزشتہ روز پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 302 کے مسافروں کو خوشگوار سرپرائز دے دیا۔ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار ہارون شاہد ان دنوں اپنی فلم ورنہ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ ماہرہ فلم کی تشہیر کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہیں اور اس مقصد کے لیے مختلف ٹی وی پروگرامز اور تعلیمی اداروں کے دورے کر رہی ہیں تاہم گزشتہ روز انہوں نے تشہیر کا ایسا انوکھا اور منفرد انداز اپنایا جو آج تک شاید ہی کسی نے اپنایا ہو۔ گزشتہ روز پی آئی اے کی پرواز 302 معمول کے مطابق مسافروں کو لے کر کراچی سے لاہور روانہ ہونے والی تھی کہ ماہرہ خان اور ہارون شاہد کی اچانک آمد پر جہاز میں بیٹھے تمام مسافر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔ ماہرہ اور ہارون نے جہاز میں موجود تمام مسافروں سے بات چیت کی اور اپنی فلم کے چند ڈائیلاگ بھی ادا کیے۔ پاکستان کی ہر دلعزیز کوکنگ ایکسپرٹ زبیدہ آپا بھی جہاز میں موجود تھیں اورماہرہ خان زبیدہ آپا سے نہایت خوشدلی سے ملیں۔ پی آئی اے انتظامیہ نے ماہرہ اور ہارون کی جہاز میں آمد کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز 302 میں باصلاحیت اداکارہ ماہرہ خان اور ہارون شاہد کی آمد نے مسافروں کو سرپرائز کر دیا۔ واضح رہے کہ شعیب منصور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ورنہ میں اداکارہ ماہرہ خان اور ہارون شاہد مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ ضرار خان، نیمل خاور، رشید نازاور سلمان شوکت بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم رواں ماہ 17 نومبرکو ریلیز کی جائے گی۔

loading...