اشاعت کے باوقار 30 سال

سنیل سے جھگڑے کی اصل وجہ کون؟ کپل نے حقیقت بتا دی

سنیل سے جھگڑے کی اصل وجہ کون؟ کپل نے حقیقت بتا دی

ممبئی: مزاحیہ اداکار کپل شرما نے اپنے اور سنیل گروور المعروف ڈاکٹر مشور گلاٹی کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ دراصل ہم دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا ہی نہیں تھا، جھگڑے کی اصل وجہ کوئی اور تھا جو کبھی میڈیا پر آیا ہی نہیں۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے مزاحیہ اداکار کپل شرما کا شمار ان خوش قسمت لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے بہت کم عرصے میں اپنی محنت اور لگن سے شوبز انڈسٹری میں نام کمایا۔ مزاحیہ شو کامیڈی نائٹ ود کپل شرما نے انہیں راتوں رات بالی ووڈ کے سپر اسٹارز کے مقابل لا کھڑا کیا۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکار جیسے شاہ رخ خان، سلمان خان، اکشے کمار وغیرہ اپنی فلموں کی تشہیر کے لیے کپل کے شو کو ترجیح دینے لگے۔ شہرت ملی تو کپل کی ڈیمانڈ بھی بڑھ گئی اور ان کا معاوضہ بالی ووڈ سپر اسٹارز کے برابر ہو گیا۔ لیکن کہتے ہیں نا بہت زیادہ دولت اور شہرت انسان کے لیے ٹھیک نہیں ہوتی بالکل یہی کپل شرما کے ساتھ بھی ہوا۔ رواں سال اپریل میں کپل شرما اور ان کے بہترین دوست سنیل گروور المعروف گتھی کے درمیان لڑائی جھگڑے کی خبروں نے کپل کو اچانک شہرت کی بلندیوں سے زمین لا پٹخا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل اور ان کی پوری ٹیم آسٹریلیا میں شو کرنے کے بعد واپس بھارتی شہر چندی گڑھ جا رہی تھی۔ کپل اس وقت نشے میں تھے انہوں نے طیارے میں موجود ایک مسافر کے ساتھ جھگڑا کرنا شروع کر دیا سنیل گروور کے منع کرنے پر انہوں نے سنیل کے ساتھ بھی بدتمیزی کی یہاں تک کہ انہوں نے سنیل پر ہاتھ بھی اٹھا دیا۔ سنیل کپل کی اس حرکت پر اتنے دلبرداشتہ ہوئے کہ کپل اور ان کے شو سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ اس جھگڑے کا اثر کپل کے شو کی ٹی آر پی پر پڑا اور شو کا گراف نیچے گرتا چلا گیا۔ دوسری جانب لوگوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے باعث کپل ذہنی دبا کا شکار ہو گئے اور ان کی صحت خراب ہو گئی۔ میڈیا سمیت تمام لوگ اس جھگڑے کا قصور وار کپل کو ہی مانتے ہیں تاہم گزشتہ روز کپل نے اپنی نئی فلم فرنگی کی ٹریلر لانچنگ تقریب کے دوران پہلی بار اس لڑائی کا خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ دراصل لڑائی ان کے اور سنیل کے درمیان نہیں ہوئی تھی بلکہ انہیں اپنے بچپن کے دوست چندن پربھاکر المعروف چندو پر غصہ تھا اور لڑائی بھی ان کے ساتھ ہی ہوئی تھی۔ کپل نے کہا کہ آسٹریلیا پہنچتے ہی ان کی فلم فرنگی کے ایک آرٹسٹ کی موت ہو گئی جس کی وجہ سے انہیں ڈپریشن ہو گیا۔ کپل ڈپریشن کی وجہ سے شو کینسل کرنا چاہتے تھے تاہم یہ ممکن نہیں تھا۔ اس کے علاوہ شو کے سیٹ پر بھی چند ناخوشگوار واقعات ہوئے اور ان کے دوست چندن پربھاکر بغیر بتائے شو چھوڑ کر چلے گئے اور 5 دن تک لوٹ کر ہی نہیں آئے۔ چندن کی اس حرکت نے کپل کو سخت مشتعل کر دیا اور انہوں نے جہاز میں موجود کسی مسافر پر چلا کر غصہ اتارنا شروع کر دیا اس وقت سنیل بھی وہیں موجود تھے اور انہیں جھگڑا کرنے سے منع کر رہے تھے جسے دیکھ کر کپل نے ان سے بھی لڑائی کرنی شروع کر دی۔

loading...