اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

جونز ٹاؤن میں اجتماعی خود کشی

شامی اتحادیوں نے داعش سے اہم علاقہ چھین لیا

شامی اتحادیوں نے داعش سے اہم علاقہ چھین لیا

دمشق: شام کی حکومت اور اس کی اتحادی فوجیوں نے دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) سے ان کے اہم علاقے القریتین کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے جہاں پر گزشتہ ماہ قبضہ کیا گیا تھا۔ شامی حکومت کے سینٹرل ملٹری میڈیا کے مطابق داعش کے جنگجووں کو شکست دینے کے بعد شامی فوج اور اس کے اتحادیوں نے القریتین کا انتظام و انصرام بحال کر دیا ہے۔ القریتین کا قبضہ تین ہفتوں کی لڑائی کے بعد دوبارہ حاصل کیا گیا ہے جہاں پر داعش کے خلاف شامی فوج اور روس کی چھتری تلے ایرانی حمایت یافہ ملیشیا کی لڑائی کے بعد کامیابی ملی جب کہ اس سے قبل شامی فوج شکست کھا کر علاقے کے قبضے سے محروم ہو گئی تھی۔ داعش کے لیے دوسرے ہفتے ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے اس سے قبل گزشتہ ہفتے امریکی حمایت یافتہ اتحادیوں شامی ڈیموکریٹک فورسز نے داعش سے الرقہ کا قبضہ حاصل کر لیا تھا جب کہ مشرقی شام کے علاقے میادین سے بھی داعش کا مضبوط کنٹرول ختم کروا لیا گیا تھا۔ شامی فوج اور امریکی اتحادیوں کی جانب سے شدید نقصان پہنچائے جانے کے باوجود داعش کا شام کے مشرقی صوبے دیرالزور اور عراقی صوبے انبار پر قبضہ برقرار ہے جب کہ دیگر علاقوں میں چھوٹے چھوٹے حصوں پر بھی قبضہ ہے۔ روس کی جانب سے گزشتہ ماہ امریکا پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ شامی فوج کے خلاف حملوں کا سلسلہ شروع کرنے میں داعش کی مدد کر رہا ہے ۔ ماسکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ داعش نے ستمبر کے اواخر میں سوڈان کی سرحد پر واقع شامی علاقوں پر داعش نے حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے جہاں پر امریکی مشیروں کا مرکز ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی اور شامی فوج کے سربراہان نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون اور رابطوں کو بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ مفاہمت پر دستخط کر لیے ہیں۔ اس مفاہمت کے تحت دونوں ممالک کے افواج کے تجربوں، انٹیلی جنس اور ٹیکنالوجی معلومات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ شام میں ایرانی اثر و رسوخ کے پیش نظر اسرائیل بھی خطرہ محسوس کر رہا ہے جب کہ شامی حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی علاقے غولان کی پہاڑیوں میں حملہ کر دیا ہے۔

loading...