اشاعت کے باوقار 30 سال

ٹرمپ کے اقدامات پوری دنیا کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں

ٹرمپ کے اقدامات پوری دنیا کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں

واشنگٹن: سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات خطرناک ہیں جو پوری دنیا کے لئےخطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ 2016 میں امریکی صدارتی الیکشن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں شکست سے دو چار ہونے والی ہیلری کلنٹن کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ روسی صدر نے 2016 کے امریکی انتخابات میں براہ راست مداخلت کرتے ہوئے روسی انتظامیہ کو ان کے مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی دلانے کی ہدایت دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیوٹن نے امریکا کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اور وہ امریکا کے لیے کسی خطرے سے کم نہیں۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر روسی صدر نے کچھ کامیابیاں ضرور حاصل کی ہوں گی لیکن امریکی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی سخت نگرانی نے ان کو ان کے مقاصد میں مکمل طور پر کامیاب ہونے نہیں دیا۔
سابق وزير خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو امریکا کے لئے دنیا میں عدم اعتمادی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے غلط اور مضحکہ خیز اقدامات دنیا بھر میں امریکی عوام کے لئے باعث ندامت ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے کی دھمکی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے ہلیری کا کہنا تھا کہ امریکی صدر عالمی سطح پر امریکا کو بد عہد اور بد اعتماد بنا کر پیش کر رہے ہیں جس سے امریکا کے دوسرے ملکوں کے ساتھ وعدوں کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اور اس جیسے دوسرے مسائل سفارتی طور پر حل کئے جانے چاہئیں۔

loading...