اشاعت کے باوقار 30 سال

ہر تین دن میں ایک بھارتی فوجی خود کشی کرتا ہے

ہر تین دن میں ایک بھارتی فوجی خود کشی کرتا ہے

نئی دہلی: بزدل بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد اپنے ہاتھوں ہی اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہی ہے اور رپورٹ کے مطابق ہر 3 روز میں ایک بھارتی فوجی خود کشی کرتا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع نے یکم جنوری 2014 سے 31 مارچ 2017 تک کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں تینوں مسلح افواج میں خود کشی کے بڑھتے رجحان کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ہر 3 دن میں ایک فوجی نے خود کشی کی جب کہ خود کشی کرنے والے 80 فی صد اہل کاروں کا تعلق زمینی فوج سے ہے جن کی کل تعداد 276 بنتی ہے جب کہ اسی دورانیے میں بحری فوج میں شامل 12 اہل کاروں نے خود اپنی جان لے لی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1185 روز میں 348 فوجیوں نے دوران ڈیوٹی اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ۔ خود کشی کرنے والوں میں بڑی تعداد ان اہل کاروں کی تھی جو عرصہ دراز سے مقبوضہ کشمیر میں تعینات تھے جنہوں نے ذہنی تناؤ کے باعث زندگی سے تنگ آ کر موت کو گلے لگا لیا۔ دوسری جانب رواں ہفتے بھی مقبوضہ کشمیر کے جنوبی علاقے میں تعینات بھارتی فوجی نریندرا نے دوران ڈیوٹی خود کو گولی مار لی جس کی لاش اس کے آبائی شہر پہنچا دی گئی ہے۔ اہل خانہ نے نریندر کی موت کی وجہ خود کشی قرار دیا ہے جس کے بعد وزارت دفاع اس فوجی کا نام بھی خود کشی کرنے والے اہل کاروں کی فہرست میں شامل کر رہی ہے۔

loading...