اشاعت کے باوقار 30 سال

ٹرمپ کی بیگمات میں شدید لفظی جنگ اور الزامات کا تبادلہ

ٹرمپ کی بیگمات میں شدید لفظی جنگ اور الزامات کا تبادلہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ایک سابقہ اہلیہ اور موجودہ خاتون اول کے درمیان لفظوں کی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے صدر ٹرمپ کی پہلی بیوی ’ایوانا‘ جو اب بھی ٹرمپ کی منکوحہ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے، کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہیں کہا گیا وہ ذاتیات پر حملوں سے گریز کریں۔ خیال رہے کہ ایوانا ٹرمپ نے حال ہی میں امریکی ٹی وی چینل ’اے بی سی‘ کے پروگرام ’گڈ مارننگ امریکا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مزاح میں کہا تھا کہ چونکہ میں ٹرمپ کی زوجہ اول ہوں، اس لیے خاتون اول کا لقب بھی مجھے ہی ملنا چاہیے۔ چیکی نژاد ایوانا سنہ 1977ء سے 1992ء تک ٹرمپ کی بیوی رہ چکی ہیں۔ انہوں نے ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’میرے پاس وائیٹ ہاوس کا فون نمبر موجود ہے مگر میں فون اس لیے نہیں کرتی کہ وہاں میلانیا موجود ہے، ایوانا نے مزید کہا کہ فی الحقیقت میں ٹرمپ کی پہلی بیوی ہوں، اس لیے خاتون اول بھی تو میں ہی ہوں۔ ٹھیک کہا نا؟۔ ادھر میلانیا کی ترجمان نے کہا کہ مسز ٹرمپ نے وائیٹ ہاوس میں صدر اور بیٹے بارون کے ساتھ رہائش اختیار کی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی پہلی بیوی کے بیانات میں کوئی صداقت نہیں۔ یہ امر باعث افسوس ہے کہ وہ اپنے ذاتی مقاصد کے لیے توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ٹرمپ کی سابقہ اور موجودہ بیوی کے درمیان جاری محاذ آرائی کے بارے میں ’سپر پاور‘ کے سربراہ ڈونلڈ ٹرمپ کو کتنا علم ہے یہ واضح نہیں ہو سکا۔