اشاعت کے باوقار 30 سال

اقتصادی راہداری منصوبے پر امریکا کے اعتراضات مسترد

اقتصادی راہداری منصوبے پر امریکا کے اعتراضات مسترد

بیجنگ: چین نے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے اور اقتصادی راہداری پر امریکا کے اعتراضات مسترد کر دئے۔ تفصیلات کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ کو اقوام متحدہ کی تائید بھی حاصل ہے جب کہ سی پیک کے باعث مسئلہ کشمیر پر اس کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ امریکی وزیر دفاع جم میٹس کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم نے بارہا یہ بات کہی ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں اور اس کا علاقائی خودمختاری کے تنازعات سے بھی کوئی تعلق نہیں جب کہ سی پیک کے باعث مسئلہ کشمیر پر چین کا اصولی موقف بھی تبدیل نہیں ہو گا۔
امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے چین پر ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے ذریعے دنیا پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سی پیک متنازع علاقے سے گزرتا ہے جس کی وجہ سے امریکا اصولی طور پر اس کی مخالفت کرتا ہے۔ ون بیلٹ ون روڈ (OBOR) کے ذریعے دنیا پر اجارہ داری قائم کرنے کے امریکی الزام کو مسترد کرتے ہوئے بیجنگ نے کہا کہ OBOR تو محض ایک اہم بین الاقوامی عوامی منصوبہ ہے، یہ متعلقہ ممالک کے ساتھ چین کے تعاون کا اہم اور جامع ترقیاتی پلیٹ فارم ہے، جب کہ 100 سے زیادہ ممالک اور بین الاقوامی تنظٰیمیں اس میں شامل ہیں اور بھرپور حمایت کر رہی ہیں۔ چینی حکومت نے کہا کہ 70 سے زیادہ ممالک اور عالمی تنظیموں نے OBOR پر چین کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جب کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل نے اسے اپنی اہم قراردادوں میں بھی شامل کیا ہے۔

loading...