اشاعت کے باوقار 30 سال

سال کی بہترین ائیر لائن

سال کی بہترین ائیرلائن

لندن: ابوظہبی کی اتحاد ائیرویز نے مسلسل چوتھی بار ’سال کی بہترین ائیر لائن‘ کا اعزاز حاصل کر کے کامیابی کے نئے جھنڈے گاڑ دئے ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اتحاد ائیرویز کو یہ اعزاز دنیا بھر کی ائیر لائنوں کی درجہ بندی کرنے والے ادارے ٹریول ٹریڈ گزٹ کی جانب سے دیا گیا ہے۔ ائیر لائن کے لئے اس خصوصی اعزاز کے حوالے سے لندن لائسیم تھیٹر میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ائیر لائن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی 750 ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتحاد ائیرویز کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ محمد البلوکی کا کہنا تھا ’’مسلسل چوتھے سال بہترین ائیر لائن کا خطاب حاصل کرنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے جس پر ہمیں بہت فخر ہے۔ ہمیں اس حوالے سے خاص طور پر خوشی ہے کہ اس اعزاز کی بنیاد برطانیہ کے ممتاز ترین ٹریول ایجنٹس سے لی گئی آراء پر ہے۔ یہ اعزاز اتحاد ائیرویز میں کام کرنے والے ہر شخص کی محنت اور عزم کا مظہر ہے ۔‘‘ ٹریول ٹریڈ گزٹ کی جانب سے دیا جانے والا یہ سالانہ ایوارڈ اس حوالے سے ممتاز حیثیت رکھتا ہے کہ اس کا فیصلہ دو مختلف مراحل میں کیا جاتا ہے۔ ان مراحل سے پہلے ٹریول ایجنٹوں کی جانب سے دئے گئے ووٹوں کی بناء پر ایک شارٹ لسٹ تیار کی جاتی ہے۔ اس شارٹ لسٹ میں شامل فضائی کمپنیاں اپنی کارکردگی اور کامیابیوں کے متعلق شواہد جمع کراتی ہیں۔ اس کے بعد فضائی صنعت کے ممتاز ماہرین اور ٹریول ایجنسیوں سے لئے گئے منصفین بہترین فضائی کمپنی کا چناؤ کرتے ہیں۔

loading...