اشاعت کے باوقار 30 سال

عرب کے صحرا میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجانے کا اعلان

عر ب کے صحرا میں کرکٹ کا بڑا میلہ سجانے کا اعلان

دبئی: متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کا ایک اور بڑا فارمیٹ متعارف کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے اور دسمبر میں 10 اوورز پر مشتمل ٹی10 لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ دسمبر میں شارجہ دس اوورز کی لیگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں شہرہ آفاق آل رانڈر شاہد آفریدی، وریندر سہواگ، کمار سنگاکارا اور آئن مورگن بھی شرکت کریں گے۔ یہ میچ 90 منٹ پر مشتمل ہو گا جس کی فی اننگز 45 منٹ پر محیط ہو گی۔ اس سے قبل 2003 میں انگلینڈ میں ٹی20 کرکٹ کو متعارف کرایا گیا تھا اور پہلا انٹرنیشنل ٹی20 میچ فروری 2005 میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔اس کے بعد سے ٹیسٹ اور ون ڈے کے مقابلے میں ٹی20 کرکٹ دنیا بھر میں شائقین میں سب سے مقبول فارمیٹ ہے۔ لیگ کے صدر سلمان اقبال نے فارمیٹ کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی گلی کوچوں میں ٹی10 کرکٹ کھیل رہا ہے اور اس سے کرکٹ مزید تیز ہو گی، یہ ایک بڑی پیش رفت ہو گی اور لوگ اس سے بہت لطف اندوز ہوں گے۔ یہ فارمیٹ صرف چار دن 21 سے 24 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بھی شریک ہوں گے۔ گزشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اس نئے فارمیٹ کے انعقاد کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب مجھے اس خیال کے بارے میں بتایا تو میں اسی وقت بہت پرجوش ہوا تھا اور میں نے درخواست کی کہ میں اس میں حصہ لینا چاہتا ہوں۔

loading...