اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

جونز ٹاؤن میں اجتماعی خود کشی

اسپرین کے مزید حیرت انگیز فائدے

اسپرین کے مزید حیرت انگیز فائدے

نیویارک: ہارٹ اٹیک میں ابتدائی طبی امداد اور خون کو پتلا کرنے کےلیے اسپرین کا استعمال عام ہے لیکن اس کے کچھ حیران کن فائدے اور بھی ہیں جو بہت کم لوگ جانتے ہیں۔
نیویارک میں کی گئی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ اسپرین کیل مہاسے اور جلد کے کھردرے پن کو دور کرتی جب کہ جلد کی اوپری سطح پر موجود مردہ خلیات (ڈیڈ سیلز) کا خاتمہ بھی کرتی ہے۔ اسپرین کی گولیوں کا سفوف (پاؤڈر) بنا کر کھال پر لگانے سے جلد کو کئی امراض سے بچایا جا سکتا ہے۔
اپنی نمی کی خصوصیات کے باعث اسپرین کو فیس واش کے علاوہ بالوں کی خشکی ختم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے آپ اسپرین کے پاؤڈر کو شیمپو میں شامل کر کے استعمال کر سکتے ہیں تاکہ بالوں کی خشکی ختم کی جا سکے۔ اگر اسپرین کا سفوف سر پر لگایا جائے تو یہ کھوپڑی کی بے جان جلد کو طاقتور بنا کرخشکی بننے کا عمل روکنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ اسپرین کیڑے مکوڑوں کے کاٹنے سے ہونے والی سوزش، سوجن اور تکلیف سے چھٹکارا پانے میں بھی مفید ہے۔ شہد کی مکھی یا کسی کیڑے کے ڈنک سے ہونے والی سوجن پر اسپرین کے سفوف پر مشتمل لیپ مل دیا جائے تو چند منٹوں میں ہی سوجن اور تکلیف دور ہو جاتی ہے۔ 2 گولی اسپرین کو ایک چمچہ نیم گرم پانی میں ڈال کر ایک چمچہ شہد کے ساتھ ملائیے اور اس آمیزے کو متاثرہ حصے پر لگا کر 10 منٹ تک چھوڑ دیجیے۔ اس عمل کے نتیجے میں سوجن اور درد کا خاتمہ ہو جائے گا۔
بال توڑ سے ہونے والی بے چینی اور تکلیف سے افاقہ حاصل کرنے کے لیے بھی اسپرین انتہائی موزوں ہے۔ اسپرین کی 2 سے 3 گولیوں اور ایک چمچہ شہد کو نیم گرم پانی میں شامل کر کے پیسٹ تیار کیجیے اور اسے بال توڑ والی جگہ پر لگائیے؛ اس سے سوزش کا خاتمہ ہوتا ہے جب کہ یہ آمیزہ جلد کی بیرونی سطح پر موجود مردہ خلیوں کو ہٹانے میں بھی کارگر ثابت ہوتا ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اسپرین کا روزانہ استعمال کینسر سے بچاتا ہے۔ تاہم اس کے ضمنی اثرات (سائیڈ ایفیکٹس) بھی ہوتے ہیں۔ مثلاً اسپرین کے بے دریغ استعمال اور روزانہ نہار منہ پانی کے ساتھ لینے سے معدے میں سوزش جبکہ کبھی کبھی الٹی اور سر میں مسلسل درد جیسی شکایات ہو سکتی ہیں۔
اسپرین کا سائنسی نام ’’سیلی سائیلک ایسڈ‘‘ ہے یعنی درحقیقت یہ ایک کمزور تیزاب بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسپرین کو غسل خانے کی صفائی میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ باتھ روم کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے صابن اور بلیچ وغیرہ کی ضرورت نہیں۔ بس 2 گولی اسپرین کو گرم پانی میں ملائیے اورباتھ روم کے فرش اور دوسری اشیاء کو صاف کر دیجیے۔
مزید یہ کہ اسپرین کی صرف 2 گولیاں کپڑوں پر لگے گہرے داغ دھبوں کو نکال باہر کرتی ہیں جب کہ اسی کے ساتھ ساتھ پودوں کی نشو و نما بہتر بنانے میں بھی اسپرین بہت مفید پائی گئی ہے۔ ایک گیلن جتنے پانی میں بغیر کوٹنگ والی سادہ اسپرین حل کر کے پودوں پر چھڑکنے سے ان کی نشو و نما میں بہتری ہوتی ہے اور تازگی میں اضافہ ہوتا ہے جب کہ پودے اضافی طور پر پھپھوندی (فنگس) سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔

loading...