اشاعت کے باوقار 30 سال

وزیر اعظم مجھ سے بھی بڑا اداکار بننا چاہتے ہیں

وزیر اعظم مجھ سے بھی بڑا اداکار بننا چاہتے ہیں

بنگلور : معروف خاتون صحافی گوری لنکیش کے قتل کو ایک ماہ کا عرصہ گزر جانے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی کی وجہ سے جنوبی ہند کے معروف اداکار پرکاش راج نے کہا ہے کہ وہ اپنے پانچ قومی ایوارڈ لوٹانے کے خواہش مند ہیں۔ گوری لنکیش کو ستمبر کے شروع میں بنگلورو میں انہی کے گھر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ 55 سالہ گوری لنکیش ایک ہفتہ وار میگزین شائع کرتی تھیں۔ ایک ماہ کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی گوری لنکیش کے قتل کے سلسلہ میں ابھی تک کسی بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گوری کے گھر پر لگے سی سی ٹی وی کیمرہ میں حملہ آور ہیلمٹ پہنے نظر آ رہا تھا۔ خیال رہے کہ گوری شنکر کے قتل کے خلاف ملک بھر میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے تھے اور کئی دنوں تک پر زور طریقہ سے احتجاج کیا تھا۔ ڈکن کرانیکل کی رپورٹ کے مطابق پرکاش راج نے اتوار کو بنگلورو میں ایک پروگرام کے دوران کہا کہ اس خوفناک واردات کا جشن منانے والے کچھ لوگوں کو مودی جی خود فالو کرتے ہیں ، اسی کی وجہ سے مجھے فکر ہوتی ہے کہ ہمارا ملک کہاں جا رہا ہے۔ ہندوستان ٹائمس کے مطابق 52 سالہ اداکار اور گوری لنکیش کے درمیان گہری دوستی تھی ۔ متعدد اخبارات کے مطابق اس کے بعد پرکاش راج نے کہا کہ وزیر اعظم کو رویہ اس اداکار جیسا ہے جو اپنے مداحوں کو خوش کرنے کی کوشش کر رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مجھ سے بھی بڑا اداکار بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ادھر بی جے پی کے ترجمان نلن کوہلی نے پرکاش راج پر ہی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرکاش راج کو اپنے غصہ کا نشانہ کانگریس کو بنانا چاہئے کیونکہ کرناٹک میں کانگریس کی حکومت ہے ۔

loading...