اشاعت کے باوقار 30 سال

مقبوضہ کشمیر: خواتین کے بال کاٹنے کا انکشاف

مقبوضہ کشمیر: خواتین کے بال کاٹنے کا انکشاف

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے جنوبی کشمیر خاص طور پر کولگام اور اسلام آباد کے اضلاع میں خواتین کے بال کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان واقعات میں بھارتی فوج اور خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دختران ملت کی سیکریٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ روز کولگام میں 5 اور اسلام آباد میں 2 ایسے واقعات ایک ساتھ پیش آنے سے ثابت ہو گیا ہے کہ اس کے پیچھے بھارتی ایجنسیاں کار فرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کے تسلسل سے واضح ہوتا ہے کہ یہ کسی پاگل کا کام نہیں بلکہ اس کے پیچھے باضابطہ منصوبہ بندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واضح اشارے مل رہے ہیں کہ اس میں بھارتی فوج اور ایجنسیاں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کشمیر میں چوری یا قتل کی واردات بھی بھارتی پولیس کے آشیر واد کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج اور پولیس اہل کار ہر جگہ پھیلے ہوئے ہیں اور ایسی صورت حال میں خواتین کے بال کاٹنے جیسے واقعات ان کی آشیر واد کے بغیر ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ تو فجر و عشاء کے وقت مسجد جاتے ہوئے گھبراتے ہیں کیونکہ ہر طرف فوجی اہل کار پھیلے ہوئے ہیں ایسے میں یہ جرائم پیشہ افراد کھلے عام کیسے گھوم پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں پکڑے گئے افراد غیر ریاستی ہیں اور فوج فوراً ان کی مدد کو پہنچی اور انہیں بچانے کے لئے فوج نے فائرنگ بھی کی ۔ناہیدہ نسرین نے کہا کہ اس سے پہلے بھی دو واقعات میں یہی دیکھنے کو ملا کہ ان جرائم پیشہ افراد کے بچاؤ میں فوج ہی سامنے آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک واقعہ میں متاثرہ لڑکی نے دیکھا کہ حملہ آور نے فوجی جوتے پہن رکھے تھے ۔ڈوڈہ اور بھلیسہ میں بھی کئی ایسے مجرم پکڑے گئے لیکن فوری طور پرانہیں رہا کر دیا گیا اور کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا۔ انہوں نے کہا یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد کشمیری عوام اور مجاہدین کا قافیہ حیات تنگ کرنا ہے۔ فوج گاؤں اوردیہات میں داخل ہونا چاہتی ہے تاکہ مجاہدین نقل و حرکت نہ کر سکیں۔ انہوں نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی واحد مجبوری اقتدار کی ہوس ہے۔ وہ جانتی ہیں کہ اگر بی جے پی کو ناراض کیا گیا تو انہیں نکال باہر کر دیا جائے گااور اس لئے وہ شاہ سے زیادہ وفا داری دکھا رہی ہیں۔ دریں اثناء ناہیدہ نسرین نے اوڑی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

loading...