اشاعت کے باوقار 30 سال

وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست

وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست

لاہور: عدالتی حکم کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ فراہم نہ کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری پنجاب کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ توہین عدالت کی یہ درخواست آصف اقبال اور متاثرہ افراد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت عالیہ کے سنگل بنچ نے جسٹس علی باقر نجفی کی رپورٹ فوری طور پر شائع کرنے کا حکم دے رکھا ہے، عدالتی حکم کے مطابق درخواست گزاروں نے رپورٹ کی وصولی کے لئے متعلقہ فورمز سے رجوع کیا مگر انہیں جسٹس علی باقر نجفی کی رپورٹ فراہم نہیں کی گئی جو کہ آئین کے آرٹیکل
204 کے تحت واضح طور پر توہین عدالت ہے، درخواست میں کہا گیا کہ چیف سیکرٹری پنجاب اور ہوم سیکرٹری پنجاب وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے ماتحت ہیں اور وزیر اعلیٰ کے دباؤ پر رپورٹ فراہم نہیں کی جا رہی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وزیر اعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔