اشاعت کے باوقار 30 سال

بارہ فی صد ووٹوں کی تصدیق نہ ہونا تشویش ناک ہے

بارہ فی صد ووٹوں کی تصدیق نہ ہونا تشویش ناک ہے

اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق نئے انتخابی قانون کے تحت فیصلہ ہو گا۔حکومت کو حلقہ بندیوں کے لیے خط لکھ دیا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ 120 لاہور کے 39 پولنگ اسٹیشنز میں 100 بائیو میٹرک مشینوں کا تجربہ کیا گیا، 12 فی صد ووٹوں کی تصدیق نہ ہونا تشویش ناک ہے۔ اس شرح کے مطابق عام انتخابات میں تصدیق نہ ہونے والے ووٹرزکی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ سکتی ہے، اگر عام انتخابات میں بھی یہی صورت حال رہی تو اس پر سوالات اٹھیں گے۔ این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بائیو میٹرک والے 28 پولنگ اسٹیشنز پر ن لیگ جب کہ 11 پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی۔ 22 ہزار 181 ووٹرز نے ان مشینوں کا استعمال کیا،19 ہزار 520 ووٹرز کے انگوٹھوں کی تصدیق ہو سکی جو 88 فی صد بنتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 12 فی صد ووٹرز کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ نادرا ڈیٹا کی عدم دستیابی ہے، نادرا سے ملک بھرکے ووٹرز کی بائیو میٹرک تفصیلات مانگنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن این اے 4 پشاور کے ضمنی انتخاب میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کرے گا۔ ان تجربات کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ کینیا میں بائیو میٹرک مشینوں کا تجربہ ناکام رہا جس پر وہاں کی سپریم کورٹ نے بائیو میٹرک نظام کے تحت ہونے والے انتخابات مسترد کر دیے۔ بابر یعقوب فتح محمد کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ہے کہ حکومت عبوری مردم شماری کی رپورٹ پر نئی حلقہ بندیوں کی اجازت کے لیے قانون سازی کر رہی ہے۔ حکومت کو نئی حلقہ بندیوں کے لیے مردم شماری رپورٹ جلد جاری کرنے کے لیے مراسلہ بھیج چکے ہیں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور کے ضمنی ٕانتخاب کے دوران پاک فوج نے بہت محنت کی اور الیکشن کمیشن اور ووٹرز کی سہولت کے لیے کام کیا۔ اے پی پی کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ این اے 4 پشاور میں ضمنی انتخاب میں 150 الیکٹرانکس مشینیں استعمال کی جائیں گی۔ ڈی جی آئی ٹی الیکشن کمیشن خضر عزیز نے کہا کہ جن 12 فی صد ووٹروں کی تصدیق نہیں ہو سکی اس کی وجہ ڈیٹا کی عدم دستیابی، سکن یا زخم کے نشانات تھے۔ تمام مشینوں کے صبح سے شام تک استعمال کے باوجود 30 فی صد بیٹری باقی تھی۔

loading...