اشاعت کے باوقار 30 سال

شریف خاندان سے بڑا ملک کا کوئی دشمن نہیں

شریف خاندان سے بڑا ملک کا کوئی دشمن نہیں

کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان سے بڑا ملک کا کوئی دشمن نہیں اور پاکستان کو یہاں تک پہنچانے کے ذمہ دار نواز شریف اور آصف زرداری ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک طریقہ ہے، نواز شریف 30 سال سے پیسہ چوری کر کے باہر بھیج رہے تھےجب کہ کوئی انصاف کا نظام نواز شریف پر ہاتھ نہیں ڈال رہا تھا، شریف خاندان سے بڑا ملک کا کوئی دشمن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شریف خاندان نہیں کرپشن کے خلاف جنگ تھی، چارٹر آف ڈیموکریسی چارٹر آف مک مکا تھا جب کہ پاکستان کو یہاں تک پہنچانے کےذمہ دار نواز شریف اور زرداری ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنی کرپشن سندھ میں ہوئی اتنی کسی صوبے میں نہیں ہوئی، سندھ کا ترقیاتی فنڈ چوری ہو رہا ہے، کرپٹ ٹولہ ارب پتی بن گیا، ایک طرف پاکستانی قوم ہے اور دوسری طرف یہ ٹولہ ہے۔ میرا جرم کیا ہے جو الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے معاملے پر میرے وارنٹ جاری کیے جب کہ یہ اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے پاس ہوتا ہے، دنیا کی تاریخ میں ایسا کہیں نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کا کام صاف انتخابات کرانا ہے، الیکشن کمیشن نواز شریف اور آصف زرداری کا ہے۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کوئی وزیر اعظم اپنے ملک کے خلاف اس طرح کا بیان نہیں دے سکتا، مریم نواز اور ان کے شوہر فوج کے خلاف کھل کر سامنے آ گئے ہیں، اب پتہ چل گیا ہے کہ ڈان لیکس کے پیچھے کون ہے، اس میں بھی انہوں نے یہی زبان استعمال کی تھی، کوئی اپنی سیکیورٹی فورسز کو اس طرح بدنام نہیں کرتا جس طرح (ن) لیگ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے سارے ادارے تباہ کر دیے ہیں، ان سے بڑا ملک دشمن کوئی نہیں جب کہ انصاف کے لیے ہم عدلیہ کے پاس ہی جائیں گے، یہ کرپٹ ٹولہ ہے، یہ وہ لوگ ہیں جن کو ہم نے جیلوں میں ڈالنا ہے۔