اشاعت کے باوقار 30 سال

میکسیکو میں شدید زلزلہ، ہلاکتیں 250 سے تجاوز کر گئیں

میکسیکو میں شدید زلزلہ، ہلاکتیں 250 سے تجاوز کر گئیں

میکسیکو سٹی: میکسیکو میں شدید زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 250سے تجاوز کر گئی، جبکہ ہر طرف پریشان حال شہری، ملبے کا ڈھیر عمارتیں اور زخمی دکھائی دے رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میکسیکو سٹی میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے یہ شکایت کی ہے کہ شہریوں کو زلزلے سے الرٹ کرنے کے لیے موجود وارننگ سسٹم صحیح طور پر کام نہیں کر رہا۔ اس شدید زلزلے کے نتیجے میں میکسیکو میں 250 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ صدر آنریکے پینا نیتو نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کے قوی امکانات ہیں، ”اس وقت امدادی سرگرمیوں کو سب سے زیادہ فوقیت حاصل ہے۔ ہمیں جلد از جلد ان افراد تک پہنچنا ہے، جو پھنسے ہوئے ہیں، زخمی ہیں اور مدد کے منتظر ہیں۔“ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ میکسیکو میں مختلف جگہوں پر مختلف قسم کی مٹی پائی جاتی ہے اس لیے کچھ لوگوں نے الارم کو تھوڑی دیر کے لیے سنا۔ اگرچہ الارم کام کر رہا تھا، لیکن ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو الارم سنائی دینے سے پہلے زمین کا اوپر اٹھنا محسوس ہوا جس کی وجہ لوگوں میں اچانک خوف پیدا ہوا۔میکسیکو میں یہ الارم سسٹم 1991 میں لگایا گیا تھا، یہ سسٹم زلزلے کی صورت میں زمین کی حرکت کو مانیٹر کرتا ہے اور فوری طور پر ریڈیو، ٹی وی، فون اور لاوڈ سپیکر کے ذریعے ملکی دارالحکومت اور دیگر شہروں میں وارننگ جاری کرتا ہے۔ واضح رہے گزشتہ شب آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.1 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کا مرکز میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی سے 120 کلومیٹر جنوب مشرق کی جانب تھا۔

loading...