اشاعت کے باوقار 30 سال

شوبز کی ایک اور جوڑی کی راہیں جدا ہو گئیں

شوبز کی ایک اور جوڑی کی راہیں جدا ہو گئیں

لاہور: سول جج فیصل میر نے فلمسٹار نور کو خلع کی بنیاد پر طلاق کی ڈگری جاری کر دی۔ اس طرح شوبز کی ایک اور جوڑی کی راہیں جدا ہو گئیں۔ اداکارہ نور نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ اپنے شوہر قاسم ولی حامد کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی جبکہ عدالت کی جانب سے مصالحت کی کوششیں بھی ناکام ہو گئیں۔ اداکارہ نور نے گزشتہ سماعت پر اپنے خاوند قاسم ولی حامد سے طلاق لینے کے لئے دائر دعویٰ میں اپنا بیان قلمبند کروایا تھا اور کہا کہ وہ کسی صورت اپنے شوہر قاسم ولی حامد کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی لہٰذا عدالت خلع کی بنیاد پر ڈگری جاری کی جائے۔ عدالت نے اداکارہ نور اور قاسم ولی حامد کو مصالحت کا موقع دیا اور ان کی عدالتی نگرانی میں ملاقات بھی ہوئی تاہم اداکارہ نور مصالحت پر رضامند نہ ہوئی جبکہ قاسم ولی حامد نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ بیوی نور کو بسانا چاہتا ہے اور اس کی تمام شرائط ماننے کو تیار ہوں تاہم عدالت نے فریقین کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد دعویٰ پر سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، گزشتہ روز عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ نور کے بیان کی روشنی میں خلع کی بنیاد پر ان کو طلاق کی ڈگری جاری کر دی۔ فلمسٹار نور اور قاسم ولی حامد کی سال 2013 میں شادی ہوئی تھی۔ تاہم گھریلو ناچاقی کے باعث اداکارہ نے طلاق کے حصول کے لئے عدالت میں دعویٰ دائر کیا تھا۔ واضح رہے کہ اداکارہ نور اس سے قبل بھارتی بزنس مین وکرم سنگھ، ہدایتکار فاروق مینگل اور عون چوہدری سے طلاق لے چکی ہیں۔