اشاعت کے باوقار 30 سال

حمزہ علی عباسی کو حافظ سعید کی تعریف مہنگی پڑ گئی

حمزہ علی عباسی کو حافظ سعید کی تعریف مہنگی پڑ گئی

اسلام آباد: حمزہ علی عباسی سیاست اور سماجی مسائل پر ردعمل دینے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے اور اسی وجہ سے انہیں کئی مرتبہ لوگوں کی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ جاتا ہے اور ایسا ہی کچھ ان کی حال ہی میں کی گئیں ٹویٹس کے ساتھ بھی ہوا۔ اس دفعہ حمزہ علی عباسی نے جماعت الدعوہ کے بانی حافظ سعید کی نئی سیاسی جماعت ملی مسلم لیگ کے حوالے سے ٹوئیٹ کی جو این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب میں تیسرے نمبر پر رہی۔ اس حوالے سے حمزہ علی عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’امریکا اور ہندوستان کہتا ہے کہ وہ دہشت گرد ہیں، میرا ماننا ہے کہ حافظ سعید صحیح ہیں، ملی مسلم لیگ نے 4 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے، ان کے لیے دل میں بہت احترام ہے‘ اپنی پہلی ٹوئیٹ کو صحیح ثابت کرنے کے لیے حمزہ علی عباسی نے ایک اور ٹوئیٹ کی، جس میں انہوں نے کہا کہ ’حافظ سعید نے فرقہ وارانہ کاموں کے خلاف بہترین کام کیا، پاکستان میں موجود غیر مسلموں کے لیے سماجی کام کیا اور وہ کشمیریوں کے ساتھی ہیں‘۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حافظ سعید صرف ہندوستانی حکومت کے خلاف ہیں، اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ ’حافظ سعید ہندوستان یا ہندوستانیوں سے نفرت نہیں کرتے، وہ صرف کشمیر میں ہندوستانی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے ظلم کے خلاف ہیں‘۔ ایک صارف نے حمزہ کی ٹوئیٹ شیئر کرنے کے ساتھ حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے پاس کہنے کو الفاظ نہیں۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’بہت ہی چونکانے والا بیان دیا، میں آپ کو ان فالو کر رہی ہوں‘۔ کسی نے کہا کہ ’اس طرح کے غیر ضروری بیانات دینے کی کوئی ضرورت نہیں‘۔

loading...