اشاعت کے باوقار 30 سال

اتر پردیش میں کشتی ڈوبنے سے 22 افراد ہلاک

اتر پردیش میں کشتی ڈوبنے سے 22 افراد ہلاک

اتر پردیش: بھارتی ریاست اتر پردیش میں دریائے جمنا میں کشتی ڈوبنے سے 22 افراد ہلاک جب کہ متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے ضلع باغپت کے قریب دریائے جمنا میں کشتی ڈوبنے سے 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ کشی میں 60 افراد سوار تھے جن میں سے اکثریت خواتین کی تھی۔ ریسکیو آپریشن میں 12 افراد کو بچا لیا گیا جو معمولی زخمی ہوئے ہیں اور انہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ضلع باغپت کے مجسٹریٹ کے مطابق کشتی میں صرف 35 افراد کے سوار ہونے کی گنجائش تھی لیکن کشتی میں اس سے زیادہ افراد موجود تھے جو حادثے کا سبب بنے تاہم مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔ دوسری جانب اترپردیش کے وزیر اعلٰی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لیے 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے جب کہ انہوں نے واقعے کی انکوائری کا حکم بھی دیا ہے۔ ادھر حادثے کا شکار ہونے والے متاثرین کے اہل خانہ نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجاً دلی سہارنپور ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا جب کہ پولیس والوں پر پتھراؤ کے ساتھ ساتھ متعدد گاڑیاں بھی نذر آتش کیں۔ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے نتیجے میں خاتون پولیس انسپکٹر سمیت 6 افراد زخمی ہوئے تاہم پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔

loading...