اشاعت کے باوقار 30 سال

پاکستان کا ورلڈ الیون کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف

پاکستان کا ورلڈ الیون کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف

لاہور: آزادی کپ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا ہے۔ لاہور میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل آزادی کپ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ورلڈ الیون کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز احمد شہزاد اور فخر زمان نے کیا۔دونوں اوپنرز نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کرتے ہوئے 35 رنز کی اوپننگ شراکت داری قائم کی تاہم فخر زمان 13 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز کی باری کھیلنے کے بعد سیموئل بدری کا شکار بنے۔ پہلے میچ کے مین آف دی میچ بابر اعظم اور احمد شہزاد نے دوسری میچ میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 100 تک پہنچایا۔ احمد شہزاد نے عمران طاہر کو چھکا لگانے کے لیے قدموں کا استعمال کرتے ہوئے زور دار اسٹروک کھیلا مگر وہ گیند کو باؤنڈری لائن پار نہ کروا سکے اور فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 34 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ شعیب ملک نے پچھلے میچ کی طرح اپنے جارحانہ موڈ کو جاری رکھا اور کریز پر آتے ہی عمران طاہر کو شاندار چھکا رسید کر کے اپنے عزائم کا اظہار کیا۔پہلے میچ کے مین آف دی میچ بابر اعظم نے تیسری وکٹ کے لیے شعیب ملک کے ساتھ 35 رنز کی شراکت قائم کی مگر وہ آج 5 رنز سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 45 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔ عماد وسیم نے بھی الٹی سیدھی شارٹس کھیلنے کی کوشش کی لیکن ان کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہ رہی اور وہ 19ویں اوور میں پریرا کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے مگر وہ نو بال قرار دے دی گئی اس کے باوجود وہ فائدہ نہ اٹھا سکے اور چوتھی گیند پر پھر فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے، عماد 16 رنز ہی بنا سکے۔ قومی ٹیم کے کپتان اسکور بورڈ کو زحمت دیے بغیر پہلی ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ شعیب ملک نے ایک بار پھر جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اننگز میں 3 چھکے لگائے۔ ملک 20ویں اوور کی آخری گیند پر 23 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

loading...