اشاعت کے باوقار 30 سال

کاروں کی فروخت 22 ہزار یونٹس ہو گئی

کاروں کی فروخت 22 ہزار یونٹس ہو گئی

کراچی: گاڑیوں کی فروخت رواں مالی سال کے دوسرے مہینے اگست کے دوران مزید تیز ہوگئی۔ آٹو انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق اگست 2017 کے دوران مقامی سطح پر تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت اگست 2016 کے مقابلے میں 25 فی صد کے اضافے سے 22 ہزار 95 یونٹس رہی، اگست 2016 کے دوران 17 ہزار 653 گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں۔ گاڑیوں کی فروخت جولائی 2017 کے مقابلے میں 13 فی صد زائد رہی، گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ بینکوں کی جانب سے آٹو فنانسنگ کی فراہمی، گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے نئے ماڈلز مارکیٹ میں لانے کا نتیجہ ہے۔ جولائی 2017 کے مقابلے میں اگست 2017 کے دوران پاک سوزوکی موٹرز کی فروخت 14 فی صد اضافے سے 11 ہزار 888 یونٹس، انڈس موٹرز کی فروخت 20 فی صد اضافے سے 5541 یونٹس جب کہ ہونڈا کارز کی فروخت 3 فی صد اضافے سے 4666 یونٹس رہی، ٹریکٹرز پر سیلز ٹیکس میں کمی، بڑی فصلوں کی پیداوار میں اضافے اور پنجاب حکومت کی کسان پیکیج اسکیم سمیت کسانوں کے لیے کھاد پر سبسڈی کے نتیجے میں ٹریکٹرز کی فروخت میں نمایاں اضافے کا رجحان رہا، اگست کے مہینے میں ٹریکٹرز کی فروخت 5138 یونٹس رہی جو اگست 2016 کے مقابلے میں 115 فی صد جب کہ جولائی 2017 کے مقابلے میں 11 فی صد زائد ہے۔ واضح رہے کہ سی پیک منصوبوں کے لیے ہیوی گاڑیوں کی طلب بڑھنے، سڑکوں کے نظام میں بہتری اور کم شرح سود پر فنانسنگ کی سہولت کی وجہ سے بسوں اور ٹرکوں کی فروخت میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اگست کے مہینے میں مجموعی طور پر 861 بس اور ٹرک فروخت کیے گئے، یہ تعداد اگست 2016 کے مقابلے میں 20 فی صد جب کہ جولائی 2017 کے مقابلے میں 9 فی صد زائد ہے۔

loading...