اشاعت کے باوقار 30 سال

شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کی منظوری

شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کی منظوری

نیویارک: ماقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دی ہے۔ نئی پابندیوں کے ذریعے شمالی کوریا کی تیل کی درآمدات کو محدود کیا گیا ہے اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات پر پابندی لگائی گئی ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے یہ نئی پابندیاں شمالی کوریا کے چھٹے اور اب تک کے سب سے بڑے جوہری تجربے کے بعد عائد کی گئی ہیں۔شمالی کوریا کے خلاف پابندی کی قرارداد امریکہ نے تیار کی تھی۔ رائے شماری کے بعد قراردار کو صفر کے مقابلے میں 15 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔ نئی پابندیوں کے تحت شمالی کوریا کی تیل کی درآمد کو محدود کیا گیا ہے اور ٹیکسٹائل کی برآمدات پر پابندی عائد کی گئی۔ شمالی کوریا کا دعوی ہے کہ اس نے ہائیڈروجن بم بنایا ہے اور وہ مسلسل امریکہ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے رہا ہے۔ خیال رہے کہ شمالی کوریا پر پہلے سے ہی اقوام متحدہ کی جانب سے اقتصادی پابندیاں عائد ہیں تاکہ جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔ سلامتی کونسل کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں تازہ پابندیوں کو اس وقت منظور کیا جب امریکہ نے اپنی تجویز کردہ سخت پابندیوں میں تھوڑی تخفیف کی اور بعض سخت تجاویز کو ہٹا لیا۔ ان سخت تجاویز میں تیل پر مکمل پابندی اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے اثاثے کو منجمد کرنے کے اقدامات شامل تھے۔ ان نئی پابندیوں کے ذریعے شمالی کوریا کے فنڈ اکٹھا کرنے اور اپنے جوہری پروگرام کو فروغ دینے کی صلاحیت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

loading...