اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

آٹھواں سیارہ دریافت ہوا

قوانین کی خلاف ورزی پر فیس بک کو جرمانہ

قوانین کی خلاف ورزی پر فیس بک کو جرمانہ

میڈرڈ: اسپین میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر قوانین کی خلاف ورزی پر 14 لاکھ 40 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ اسپین کی ڈیٹا پروٹیکشن ایجنسی نے بتایا کہ اس نے صارفین کے نجی ڈیٹا تک مشتہرین کی رسائی روکنے میں ناکامی پر فیس بک پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق فیس بک نے اسپین میں اپنے صارفین کی نجی معلومات اکھٹی کیں اور انہیں واضح طور پر یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ معلومات کیسے استعمال کی جائیں گی۔ہسپانوی ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ فیس بک نے جو ڈیٹا اکھٹا کیا اس میں صارف کے نظریات، مذہبی عقائد، ذاتی پسند ناپسند اور دیگر معلومات شامل ہیں۔ ایجنسی کے مطابق فیس بک کی پرائیوسی پالیسی میں عمومی اور غیر واضح قسم کے قوائد و ضوابط موجود ہیں اور صارفین کی ذاتی معلومات اکھٹی کرنے سے قبل ان کے علم میں یہ بات نہیں لائی جاتی جو کہ معلومات کے تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ڈیٹا پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق ایک صارف نے فیس بک سے درخواست کی کہ اس کی جو بھی معلومات اکھٹی کی گئی ہیں اسے فیس بک کے سرور سے ہٹایا جائے لیکن فیس بک نے ایسا نہیں کیا۔ اس سلسلے میں فیس بک سے رابطہ کیا گیا تاہم کمپنی کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔خیال رہے کہ رواں برس مئی میں فرانس نے بھی صارفین کے ڈیٹا تک مشتہرین کی رسائی کو روکنے میں ناکامی پر فیس بک پر ڈیڑھ لاکھ یوروز کا جرمانہ عائد کیا تھا۔