اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

کینیڈا میں فلم ’واٹ پیپل ول سے' کا پریمیئر

کینیڈا میں فلم ’واٹ پیپل ول سے' کا پریمیئر

ٹورنٹو : کینیڈا میں ہونے والے ٹورنٹو فلم فیسٹیول (ٹی ایف ایف) میں پاکستانی نژاد ناروے کی ڈائریکٹر ارم حق کی فلم ’واٹ پیپل ول سے‘ (لوگ کیا کہیں گے) کا پریمیئر ہوا۔ شائقین اور فلم سازوں سمیت اداکاروں نے ’واٹ پیپل ول سے‘ کی کہانی کو سراہتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ ’واٹ پیپل ول سے‘ کو اردو میں بنایا گیا ہے، جب کہ فلم میں کہیں کہیں نارویجن زبان کے ڈائلاگ بھی ہیں۔ فلم کی کہانی ناروے میں مقیم پاکستانی نڑاد خاندان کی ایک ’نو عمر‘ لڑکی کے ارد گرد گھومتی ہے، جو بیک وقت 2 مختلف ملکوں، قوموں اور معاشروں کی زندگی گزارنے کی کوشش کرتی ہیں۔ فلم میں نوعمر لڑکی نشا کا کردار ماریہ موزدہ نے ادا کیا ہے، فلم کے مرکزی کردار اور اس کے والدین کی عمر میں واضح فرق دکھائی دیتا ہے، جو بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانی خاندانوں کی ثقافت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ فلم میں نشا کو ناروے میں کسی لڑکے سے پیار ہو جاتا ہے، جس کا پتہ چلنے کے بعد ان کے والد اپنی بیٹی کو پاکستان میں اپنے دیگر خاندان کے لوگوں کے پاس رہنے کے لیے چھوڑ جاتے ہیں۔ نشا کو جہاں پاکستانی معاشرے میں ضم ہونے میں وقت لگتا ہے، وہیں انہیں وہاں بھی کسی لڑکے سے پیار ہو جاتا ہے، جس وجہ سے معاملہ مزید سنگین ہو جاتا ہے۔ فلم ساز ارم حق نے ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں فلم کے پریمیئر کے دوران بتایا کہ انہوں نے یہ فلم اپنی زندگی سے متاثر ہو کر بنائی ہے۔

loading...