اشاعت کے باوقار 30 سال

اداکاری سے زیادہ ڈانس پسند ہے

اداکاری سے زیادہ ڈانس پسند ہے

لاہور: خوبرو اداکارہ سوہائے علی آبڑو نے کہا ہے کہ مجھے ایکٹنگ سے زیادہ ڈانس کرنا پسند ہے،بہت چھوٹی عمرمیں ہی ڈانس کی تربیت لینا شروع کردی تھی،میں نے دوبرس تک کلاسیکل رقص سیکھا اور پھر اپنی تعلیم کی وجہ سے اس سے دوررہی مگرمیں ایک بات بتانا چاہتی ہوں کہ مجھے ایکٹنگ سے زیادہ ڈانس کرنا پسند ہے۔ خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سوہائے علی آبڑو نے کہا کہ میں نے اپنے فنی سفرکاآغاز تھیٹرسے کیا اورکئی برس تک اس سے وابستہ رہی، اس کے بعد میں نے ٹی وی ڈراموں میں قدم رکھا اور پھراپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے مطابق مختلف اورمنفرد کردارنبھائے۔ جہاں تک بات فلم میں کام کرنے کی ہے تومیں سمجھتی ہوں کہ ہرکوئی فلم میں ہی کام کرنا چاہتا ہے۔ کیونکہ ڈراموں کی شوٹنگ اورفلم کی عکس بندی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ دونوں شعبوں میں کام کااندازبہت الگ ہے۔اداکارہ نے کہا کہ مجھے کسی بھی نئے پروجیکٹ میں کام کرنے کی پیشکش ہو تو میرے لیے سب سے زیادہ ضروری میرا کردار اوراسکرپٹ ہوتا ہے۔ میرے نزدیک ہالی ووڈ یا بالی ووڈ جیسی بڑی فلم انڈسٹریوں کے نام زیادہ اہمیت نہیں رکھتے بلکہ وہ پروجیکٹ زیادہ اہم ہوتا ہے جس کوکرتے ہوئے مجھے خود بھی مزہ آئے۔ایک سوال کے جواب میں سوہائے علی آبڑو نے کہا کہ میرا فوکس ٹی وی پرہوگا یا فلم میں اس کے بارے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، اس لیے فی الحال تویوں لگتا ہے کہ مجھے دونوں ہی شعبوں میں کام کرنا ہے۔ جہاں تک بات آرٹ اورکمرشل فلم کی ہے تومجھے کمرشل فلموں میں ہی نہیں بلکہ آرٹ فلم میں بھی کام کرنا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ مجھے ایک ہی طرح کا کام کرنا اچھا نہیں لگتا۔ میں کوشش کرتی ہوں کہ کچھ ہٹ کر منفرد کام کروں تاکہ ناظرین اورفلم بین جب مجھے کسی نئے پروجیکٹ میں دیکھیں توانھیں یہ محسوس نہ ہوکہ وہ کوئی پرانا کردار دیکھ رہے ہیں۔