اشاعت کے باوقار 30 سال

پاک بھارت نمائندوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ

پاک بھارت نمائندوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ

نیویارک: اقوام متحدہ میں ایک بار پھر بھارت اور پاکستان کے نمائندوں کے درمیان مسئلہ کشمیر پر زبردست بحث و تکرار ہوئی اور سخت جملوں کا تبادلہ کیا گیا ۔ پاکستان نے بھارت کی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے دہائیوں سے حل طلب مسئلہ کشمیر کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا جب کہ بھارت نے پاکستان پر دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مباحثے کے دوران عالمی ادارے میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے جس کا عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل نکالا جانا چاہئے تاکہ جنوبی ایشیائی خطے مین مستقل قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حالت اور مصائب عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہے اور اب عالمی برادری کو اس مسئلے کے حل کے لئے حتمی کردار ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے متعدد بار کشمیری عوام کا حق خودارادیت قبول کیا ہے تاہم بھارت کشمیریوں کے بنیادی حق خودارادیت سے انہیں محروم رکھنے کے لئے جبر و تشدد کا استعمال کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی کشمیریوں کے خلاف ظلم و جبر کا یہ سلسلہ روکنے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جموں و کشمیر کی صورت حال نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ انصاف اور انسانیت کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل تاریخی ناانصافی کی غمناک مثالیں ہیں جہاں لوگوں کو اب بھی حق خود ارادیت سے محروم رکھا گیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ دونوں مسائل اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہیں بحث کے دوران بھارتی مندوب سری نواسن پراساد نے پاکستانی بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد کی طرف سے اٹھائے گئے نکات غیر متعلق اور بلاجواز ہیں انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات اب عیاں ہو چکی ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی علاقے پر قبضہ جمانے کے لئے دہشت گردی کو ایک سرکاری ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ میں پڑوسی ملک پر یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر بھارت کا ایک اٹوٹ انگ ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔

loading...