اشاعت کے باوقار 30 سال

شائقین ہاکی کے لیے ایک اور خوشخبری آ گئی

لاہور: شائقین ہاکی کے لیے ایک اور خوشخبری آ گئی، ورلڈ الیون سے قبل دنیا کے متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے 11 غیر ملکی گول کیپرز نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی کھیل کی انٹرنیشنل بحالی کے لیے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہے، حکام کی یہ کوشش خاصی حد تک کامیاب ہونا بھی شروع ہو گئی ہیں۔ پی ایچ ایف نے 3 روز قبل اکتوبر میں ورلڈ الیون کو پاکستان بلانے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں آسٹریلیا، جرمنی، انگلینڈ، آئرلینڈ، اسپین اور نیوزی لینڈ سمیت دنیا کے متعدد ممالک کے کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے، اس موقع پر دنیائے ہاکی کے عظیم پلیئرز بوویلنڈر، بلوشر، دھن راج پلے، پال لیٹجن اور چارلس ورتھ بھی مدعو کیا جائے گا۔ شائقین ہاکی کے لیے اب نئی خوشخبری یہ ہے کہ ورلڈ الیون سے قبل دنیا کے متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے 11 غیر ملکی گول کیپرز نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ 3 سے 10 اکتوبر کے درمیان کراچی میں کھیلا جائیگا جس میں شامل ٹیمیں نشان حیدر حاصل کرنے والے تمام 11 شہدا کے ناموں سے منسوب ہوں گی۔ ٹیموں کے نام کیپٹن راجہ محمد سرور، میجر طفیل محمد، میجر راجہ عزیز بھٹی، راشد منہاس، میجر شبیر شریف، سوار محمد حسین، میجر محمد اکرم، لانس نائیک محمد محفوظ، کیپٹن کرنل شیر خان، حوالدار لالک جان اور نائیک سیف علی جنجوعہ رکھے گئے ہیں۔