اشاعت کے باوقار 30 سال

بڑی فائلوں کی آن لائن شیئرنگ اب انتہائی آسان

بڑی فائلوں کی آن لائن شیئرنگ اب انتہائی آسان

کراچی: اکثر ہمیں بڑی آڈیو، ویڈیو یا ڈیٹا فائل بھیجنے کی ضرورت پیش آتی ہیں لیکن جب یہ بڑی فائلیں کمپریس کر کے ای میل سے بھیجی جائیں تب بھی ای میل انہیں آگے بڑھانے سے انکار کر دیتی ہے۔ اس اہم مسئلے کو دیکھتے ہوئے ذیل میں بڑی فائلوں کی آن لائن شیئرنگ کے آسان طریقے بیان کئے جا رہے ہیں۔
ڈراپ باکس
ڈراپ باکس ایک مقبول ویب سائٹ ہے جس کے لیے آپ www.dropbox.com پر جا کر فری اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ مکمل طور پر مفت میں دستیاب نہیں تاہم دو گیگا بائٹ تک کی فائلیں آپ مفت میں اسٹور اور دوسروں سے شیئر کر سکتے ہیں۔ اس سروس پر آپ ایک وقت میں ایک ٹیرا بائٹ تک کی فائل بھی اسٹور کر سکتے ہیں لیکن اس کے لیے آپ کو کچھ رقم ماہانہ ادا کرنی ہو گی۔ فائل اپ لوڈ کرنے کے بعد اسے دیگر دوستوں سے شیئر کی جا سکتی ہے اور اس کے لیے ویب انٹر فیس میں شیئر بٹن دبانا ہو گا۔ اگر ڈراپ باکس کا ڈیسک ٹاپ ورژن استعمال کر رہے ہیں تو شیئر کرنے کے لیے رائٹ کلک کیجئے۔ فون ایپ پر فائل کے بالکل برابر میں ڈراپ ڈاؤن ایرو پر ٹیپ کیجئے تو ایک مینو کھل جائے گا۔ اس پر آپ اپنے کانٹیکٹس فہرست سے نام منتخب کر سکتے ہیں اس کا ای میل ٹائپ کر سکتے ہیں جس کے بعد فوری طور پر ایک ای میل لنک کے ساتھ وصول کرنے والوں کو فائل شیئرنگ لنک مل جائے گا اور اسے ڈراپ باکس اکاؤنٹ بنانے کی کوئی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔ اس لنک پر آپ پاس ورڈ یا مقررہ وقت کا آپشن بھی لگا سکتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس دو کمپیوٹر یا موبائل آلات ہیں تو ایک اکاؤنٹ سے دونوں پلیٹ فارم پر فائل کو ان سِنک یا شیئر کیا جا سکتا ہے۔
گُوگل ڈرائیو آزمائیں
https://drive.google.com/drive/my-drive
گوگل ای میل اکاؤنٹ کی موجودگی میں آپ ازخود گُوگل ڈرائیو کے حقدار ہو جائیں گے جو 15 جی بی کی مفت اسپیس فراہم کرتی ہے۔ خواہ وہ ڈیسک ٹاپ کے لیے ہو یا ایپس کے لیے لیکن اگر آپ کو مزید بڑی فائلوں کے لیے جگہ درکار ہے تو صرف دو ڈالر ماہانہ میں آپ 100 گیگا بائٹس اسپیس خرید سکتے ہیں جب کہ 10 ڈالر میں ایک ٹیرا بائٹ اور 100 ڈالر میں 10 ٹیرا بائٹ کی جگہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے ذریعے آپ ایک وقت میں 5 ٹیرابائٹ کی فائل بھیج سکتے ہیں۔ ویب انٹرفیس پر آپ شیئر بٹن دبا کر فائل ڈاؤن لوڈ کرنے کا لنک اپنے دوست کے ای میل ایڈریس پر بھیج سکتے ہیں۔ اس صورت میں بھی آپ کے دوست کو جی میل اکاؤنٹ یا گوگل ڈرائیو انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ تاہم اگر وہ فائل پر آن لائن کام یا ایڈٹنگ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے وصول کنندہ کے پاس بھی گوگل ڈرائیو اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔ ڈراپ باکس کی طرح آپ دو یا اس سے زائد پلیٹ فارمز پر ایک ہی فائل کو شیئر اور ان سِنک کر سکتے ہیں۔
موزیلا سینڈ
فائر فاکس براؤزر بنانے والی کمپنی موزیلا نے حال ہی میں موزیلا ’سینڈ‘ کا آپشن پیش کیا ہے جس کے ذریعے ایک گیگا بائٹ سے کم کی فائل با آسانی شیئر کرائی جا سکتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سینڈ کی سہولت نہ صرف فائر فاکس بلکہ ہر براؤزر کے لیے ہے۔ اس کے لیے کسی بھی براؤزر کے ’سینڈ ویب پیچ‘ کو کھولیں اور فائل ڈریگ کر کے اسے ونڈو پر چھوڑ دیں یا فائل بٹن پر کلک کیجئے۔ یا تو 24 گھنٹے میں یہ لنک از خود ختم ہو جائے گا یا پھر ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد وہاں سے غائب ہو جائے گا۔ تجزیہ کاروں نے موزیلا کے اس آپشن کی بہت تعریف کی ہے اور آپ اسے ضرور آزمائیں۔
مفت اور تیز، وی ٹرانسفر
https://wetransfer.com/
وی ٹرانسفر کے ذریعے آپ بہت تیزی سے بڑی فائلیں اپ لوڈ اور شیئر کر سکتے ہیں۔ اس ویب سروس کے ذریعے آپ دو گیگا بائٹ تک کی فائل مفت میں شیئر کرا سکتے ہیں جب کہ وی ٹرانسفر پلس کی ماہانہ فیس 10 ڈالر ہے اور 20 جی بی تک کی فائل شیئرنگ فراہم کرتا ہے۔ اس فائل کو پاس ورڈ سے محفوظ بنانے اور مخصوص وقت پر ایکسپائر ہونے کا آپشن بھی موجود ہے۔

loading...