اشاعت کے باوقار 30 سال

اپنی سرزمین پر کسی دہشت گرد کو برداشت نہیں کریں گے

اپنی سرزمین پر کسی دہشت گرد کو برداشت نہیں کریں گے

واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی دہشت گرد کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا اور وہ علاقائی امن و استحکام کے لیے امریکا سمیت عالمی برادری کے ساتھ تعمیری روابط کے لیے پرعزم ہے۔ واشنگٹن میں افغانستان اور جنوبی ایشیا کے لیے نئی امریکی حکمت عملی پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ امر مدنظر رکھنا چاہیے کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے، انھوں نے کہا کہ گزشتہ مہینے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق جاری کردہ رپورٹ میں بھی اس بات کو سراہا گیا کہ خیبر اور شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائیوں میں دہشت گردوں کا صفایا اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ نئی امریکی پالیسی کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے ہم امریکی انتظامیہ سے رابطہ کریں گے، انھوں نے کہا کہ پاکستان نے مستحکم اور پرامن افغانستان کے لیے عالمی کوششوں کی ہمیشہ حمایت کی ہے، پاکستانی سفیر نے کہا یہ واضح ہے کہ افغانوں کی قیادت میں افغان مصالحتی عمل سے ہی افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کا موقع مل سکتا ہے۔

loading...