اشاعت کے باوقار 30 سال

ملک میں انقلاب کی ضرورت ہے قوم ساتھ دے

ملک میں انقلاب کی ضرورت ہے قوم ساتھ دے

مرید کے: سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 20 کروڑ عوام کے منتخب وزیر اعظم کو چند لوگوں نے ہٹا دیا یہ مذاق 70 سال سے جاری ہے لیکن اس فیصلے کو قوم اور دنیا بھر نے تسلیم نہیں کیا بلکہ دنیا بھر میں ہماری بے عزتی ہوئی اب اس ملک میں انقلاب کی ضرورت ہے اور پوری قوم انقلاب میں میرا ساتھ دے ۔ ان خیالات کا اظہار نواز شریف نے اپنی ریلی کے دوران مریدکے پہنچنے پر خطاب کے دوران کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ پوری قوم اداس اور فکر مند نہ ہو بہت جلد جیت ہمارا مقدر ہو گی انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بیس کروڑ عوام ہی پاکستان کے اصل مالک ہیں چند لوگ ملک کے مالک نہیں ہو سکے عوام نے مجھے وزیر اعظم منتخب کر کے بھیجا لیکن چند لوگوں نے نکال دیا حالانکہ نواز شریف نے ایک روپے کی کرپشن نہیں کی ہے، اگر کرپشن پر مجھے نکالا جاتا تو آج عوام کے سامنے کھڑا نہ ہوتا، کرپشن کی وجہ سے مجھے کان سے پکڑ کر نکالا جاتا تو پھر بھی تکلیف نہ ہوتی لیکن میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ مجھے وزارت عظمیٰ سے نکالا بھی گیا تو اس لئے کہ باپ نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی کیا کبھی باپ بیٹے سے تنخواہ لیتا ہے اور اگر لے بھی لی تو کیا ہوا؟ نواز شریف نے کہا کہ آپ لوگوں کے ووٹ کی پرچی کی اہمیت کو چند لوگوں نے پھاڑ کر پھینک دیا حالانکہ میں قوم کی خدمت کر رہا تھا 2013ء سے پہلے چولہے اور پنکھے نہیں چل رہے تھے ملک میں سڑکیں نہیں بن رہی تھیں لیکن ہماری حکومت آنے کے بعد ملک میں سڑکوں کا جال بھی بچھایا جا رہا تھا اور بلوچستان بھی ترقی کر رہا تھا سی پیک بھی آ گیا تھا اور اب نوجوانوں کو روزگار مل رہا تھا اور اگر اسی ترقی سے ملک آگے بڑھتا جاتا تو ہم کہاں سے کہاں پہنچ جاتے لیکن ستر سال سے پاکستان میں یہ مذاق ہو رہا ہے کہ بیس کروڑ عوام کے منتخب وزیر اعظم کو چند مخصوص لوگ ہٹا دیتے ہیں کیا اس خطے میں کسی بھی ملک میں ایسا مذاق ہو رہا ہے لیکن اب اس مذاق کو ختم کرنا ہو گا اب لوگوں کے ووٹ کا احترام کرنا ہو گا تاکہ عوام کے منتخب کئے گئے وزیر اعظم کو رسوا کر کے نکالا نہ جا سکے نواز شریف نے کہا کہ اب اس ملک میں انقلاب کی ضرورت ہے کیونکہ اس فیصلے نے دنیا بھر میں پاکستان کو رسوا کیا اور پوری دنیا اس فیصلے کو مسترد کیا ہے اب ہم نے اس ملک میں انقلاب لے کر آنا ہے اور پوری قوم اس انقلاب میں نواز شریف کا ساتھ دے انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھی قوم کے ساتھ قدم سے قدم اور ہاتھ ملا کر چلے گا اور کبھی بھی اپنی قوم کو دھوکہ نہیں دے گا کیونکہ اب یہ معاملہ ہمارے ملک کی عزت کا ہے اور اگر یہ معاملہ حل نہ ہوا تو پھر دنیا میں ہمارا کوئی بھی احترام نہیں کرے گا انہوں نے کہا کہ اب قوم حق اور سچ کا ساتھ دے تاکہ بیس کروڑ عوام ان کے حق سے محروم نہ کیا جا سکے۔