اشاعت کے باوقار 30 سال

پاکستان آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپیئن شپ کا فاتح

پاکستان آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپیئن شپ کا فاتح

قاہرہ : اسنوکر کی دنیا میں پاکستان کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے اور بابر مسیح اور محمد آصف نے پاکستان کو آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپیئن شپ کا فاتح بنا دیا۔مصر میں منعقدہ آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپین شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چیمپین شپ میں 19 ممالک کی 36 ٹیموں نے حصہ لیا اور فائنل میں مقابلہ پاکستان ہی کی دونوں ٹیموں کے مابین ہوا۔پاکستان ٹیم ٹو نے ابتدائی دونوں فریمز 76-8 اور 74-33 سے جیت کر پاکستان ٹیم ون پر دبا بڑھا دیا، پاکستان ٹیم ون نے تیسرا فریم 70-26 سے جیت کر مقابلہ 2-1 کر دیا۔چوتھے فریم میں پاکستان ٹیم ٹو چھائی رہی اور اس نے پاکستان ٹیم ون کو 78-52 سے ہرا کر مقابلہ 3-1 فریم کر دیا البتہ سجاد اور اسجد نے شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے اگلے دونوں فریمز 52-31 اور 53-2 سے جیت کر مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا۔ساتویں فریم میں پاکستان ٹیم ٹو نے پاکستان ٹیم ون کو 46-44 سے ہرا کر ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کی تاہم پاکستان ٹیم ون نے آٹھواں فریم 68-13 سے جیت کر مقابلہ دوبارہ برابر کر دیا۔آخری اور فیصلہ کن فریم میں پاکستان ٹیم ٹو نے پاکستان ون کو 70-28 سے ہرا کر میچ 5-4 فریمز سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد بابر مسیح اور محمد آصف پر مشتمل جوڑی نے محمد سجاد اور اسجد اقبال کو بیسٹ آف نائن فریم میں پانچ چار سے شکست دی۔یہ رواں سال پاکستانی اسنوکر کھلاڑیوں کا تیسرا ٹائٹل ہے جہاں اس سے قبل نسیم اختر نے پاکستان کو انڈر 18 ورلڈ چیمپن شپ اور محمد سجاد نے ایشین 6 ریڈ بال اسنوکر چیمپین شپ جتوائی تھی۔

loading...