اشاعت کے باوقار 30 سال

اکیانوے سالہ معمر تھائی خاتون کا انوکھا کارنامہ

بنکاک: تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی 91 سالہ معمر خاتون نے اپنی محنت شاقہ کے بعد بالاخر یونیورسٹی سے بیچلر ڈگری حاصل کر لی ہے۔ کملان جناکل نامی اس خاتون کا کہنا ہے کہ پڑھائی اور علم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، انھیں اپنا مقصد حاصل کرنے کیلئے 10 سال کا عرصہ لگا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ کملان جناکل نے بتایا کہ اس کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ وہ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرے لیکن بعض وجوہات کی وجہ سے وہ اسے پورا نہیں کر سکی۔ تاہم جب اس کے بچے تعلیم یافتہ ہوئے تو اس نے ایک مرتبہ پھر سے پڑھنے کی ٹھانی اور یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق معمر تھائی خاتون کے پانچ بچے ہیں جن میں سے چار نے ماسٹرز ڈگری جبکہ ایک نے امریکا سے پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ معمر ہونے کے باوجود اپنی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کملان جناکل کا کہنا تھا کہ صرف اپنے مقصد کے تعین اور امنگ نے ہی انھیں یہ ڈگری حاصل کرنے کے قابل بنایا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ جب میں اپنے آپ سے کہتی کہ مجھے آج یہ مضمون پڑھنا ہے تو اسے کرنے کی پوری کوشش کرتی، تمام اہم پوائنٹس کو انڈر لائن کرتی اور انھیں یاد کرنے کی کوشش کرتی۔ اس طریقہ کار نے مجھے پڑھائی میں بہت فائدہ دیا۔

91-year-old Thai Woman Earns Bachelor's Degree