اشاعت کے باوقار 30 سال

ولادیمیر کلچکو نے باکسنگ کو خیر باد کہہ دیا

ولادیمیر کلچکو نے باکسنگ کو خیر باد کہہ دیا

کیف: یوکرائن کے سابق ہیوی ویٹ چیمپئن ولادیمیر کلچکو نے باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق باکسنگ کے سابق ہیوی ویٹ چیمپئن ولادیمیر کلچکو نے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کلچکو کا موجودہ چیمپئن جوشوا کے ساتھ 11 نومبر کو مقابلہ متوقع تھا، تاہم انہوں نے کھیل کو ہی خیر باد کہہ دیا ہے۔ خیال رہے کہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ باکسر انتھونی جوشوا نے رواں سال اپریل میں ولادیمیر کلچکو کو ناک آؤٹ کر دیا تھا۔ تاہم یہ فتح ان کو آسانی سے نہیں مل سکی تھی، ولادیمیر کلچکو نے جوانمردی سے 11 راؤنڈ تک ان کا مقابلہ کیا۔ 41 سالہ یوکرینین باکسر ولادیمیر کلچکو کا جوشوا کے ساتھ 11 نومبر کو امریکی شہر لاس اینجلس میں دوبارہ مقابلہ متوقع تھا، لیکن ان کی اچانک ریٹائرمنٹ کی وجہ سے باکسنگ کے شوقین ناظرین یہ فائٹ نہیں دیکھ سکیں گے۔ خیال رہے کہ ولادیمیر کلچکو نے دو مرتبہ ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ کے چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں 64 مقابلے جیتے جبکہ صرف 5 میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ انہوں نے 1996ء کی اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل بھی حاصل کر رکھا ہے۔ ولادیمیر کلچکو نے لگاتار 24 مقابلے جیت کر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا۔ کلچکو ان دنوں جرمنی میں رہائش پذیر ہیں۔ولادیمیر کلچکو نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک ویڈیو بیان کے ذریعے کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے 27 سال پہلے سپورٹس کی دنیا میں اپنے سفر کا آغاز کیا تھا کو میرے نزدیک بہترین فیصلہ تھا۔ اس سفر کے دوران میں نے دنیا گھومی، نئی زبانیں سیکھیں، اپنا کاروبار کیا، پراپرٹی بنائی اور ضرورت مندوں کی مدد کے قابل بنا۔ کلچکو کا کہنا تھا کہ تاہم زندگی کے کسی مرحلے میں ہمیں اپنے کیریئر کو خیر باد کہنا ضروری ہو جاتا ہے تا کہ نئے باب میں داخل ہو سکیں۔

loading...