اشاعت کے باوقار 30 سال

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے تیسرے روز زبردست تیزی کا رحجان

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے تیسرے روز زبردست تیزی کا رحجان

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے تیسرے روز زبردست تیزی کا رحجان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 5 بالائی حد عبور کرتا ہوا 46500 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 95 کھرب سے بڑھ کر 96 کھرب روپے پر جا پہنچا۔ منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 522.98 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 46010.45 پوائنٹس سے بڑھ 46533.43 پوئنٹس پر جا پہنچا اسی طرح 321.75 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 24159.38 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32553.38 پوائنٹس سے بڑھ کر 32869.61 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 9 ارب 83 کروڑ 2 لاکھ 34 ہزار 866 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 95 کھرب 47 ارب 39 کروڑ 58 لاکھ 76 ہزار 460 روپے سے بڑھ کر 96 کھرب 57 ارب 22 کروڑ 61 لاکھ 11 ہزار 326 روپے ہو گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز 25 کروڑ 61 لاکھ 43 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 17 ارب روپے تک محدود رہی پیر کے روز 31 کروڑ 91 لاکھ 35 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے اور ٹریڈنگ ویلیو 18 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز مجموعی طور پر 393 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 274 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 104 میں کمی اور 15 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے ازگارڈنائن 2 کروڑ 18 لاکھ، ٹی آرجی پاک لمیٹڈ 1 کروڑ 63 لاکھ، عائشہ اسٹیل مل 1 کروڑ 55 لاکھ، لوٹے کیمیکل 1 کروڑ 44 لاکھ اور دوست اسٹیل مل لمیٹڈ 1 کروڑ 34 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے سنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں 80.19 روپے اور وائیتھ پاک لمیٹڈ کے بھاؤ میں 53.47 روپے کا اضافہ جبکہ سپائیر ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 54 روپے اور سروسز انڈس لمیٹڈ کے بھاؤ میں 36.29 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

loading...