اشاعت کے باوقار 30 سال

پیٹرول کی نقل و حمل کے لئے ریلوے کی خدمات کی پیشکش

پیٹرول کی نقل و حمل کے لئے ریلوے کی خدمات کی پیشکش

لاہور: آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں جاری پٹرول بحران کا حل نکالتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے محکمے کی خدمات کی پیشکش کر دی ۔خواجہ سعد رفیق نے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو فون کرکے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے باعث پیدا ہونے والے پیٹرول بحران پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے وزیر پیٹرولیم کو پیٹرول کی نقل و حمل کے لئے محکمہ ریلوے کی خدمات حاصل کرنے کی پیشکش کی۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں پٹڑی کے ساتھ پیٹرول کی فوری سپلائی شروع کر سکتے ہیں، ریلوے کے پاس اضافی انجن بھی ہیں اور رولنگ اسٹاک بھی جب کہ وزارت پیٹرولیم سے انتہائی مناسب چارجز وصول کئے جائیں گے۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تشویش ہے، ہڑتالی کلچر کی حمایت کسی صورت نہیں کر سکتے۔دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے جاوید انور کو پی ایس او سے فوری رابطے کی ہدایت بھی کی ہے۔وزیر پٹرولیم نے خواجہ سعد رفیق کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر مشکل سے بہتر حکمت عملی و باہمی تعاون سے نمٹیں گے تاکہ معمولات زندگی متاثر نہ ہو۔ خیال رہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کو قانون کے دائرے میں لانے پر ٹینکر مافیا نے ہڑتال کر رکھی ہے جب کہ وزارت پیٹرولیم اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کا بحران سنگین صورت اختیار کرگیا ہے۔

loading...