اشاعت کے باوقار 30 سال

زوہیب حسن کی دنیائے موسیقی میں 10 سال بعد واپسی

زوہیب حسن کی دنیائے موسیقی میں 10 سال بعد واپسی

اسّی اور نوے کی دہائی کی مشہور گلوکار جوڑی نازیہ حسن اور زوہیب حسن کو کون نہیں جانتا تاہم نازیہ حسن کی وفات کے بعد زوہیب نے گلوکاری سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی لیکن زوہیب 10 سال بعد ایک بار پھر ایک نئے البم کے ساتھ موسیقی کی دنیا میں واپس آ رہے ہیں۔ ٹیلی ویژن پروگرام ’’سنگ سنگ چلیں‘‘ سے موسیقی کی ابتداء کرنے والے زوہیب حسن اور ان کی بہن نازیہ حسن کو پاکستان میں پاپ موسیقی کی سب سے مشہور جوڑی قرار دیا جاتا ہے جس کا پہلا البم ’’ڈسکو دیوانے‘‘ 1981 میں ریلیز ہوا جس نے نازیہ زوہیب کی گلوکار جوڑی کو شہرت کی ایسی بلندی پر پہنچا دیا جو بہت کم پاکستانی گلوکاروں کے حصے میں آئی ہے۔ اس کے بعد نازیہ زوہیب کی جوڑی نے مزید چار میوزک البم ریلیز کیے جن میں بُوم بُوم (1982)، ینگ ترنگ (1984)، ہاٹ لائن (1987) اور کیمرا کیمرا (1992) شامل ہیں؛ اور اس کے بعد دونوں بہن بھائی دوسرے کاموں میں مصروف ہو گئے۔ ینگ ترنگ کو نازیہ زوہیب کا سب سے کامیاب میوزک البم قرار دیا جاتا ہے جس نے پاکستانی میوزک انڈسٹری میں نئے ریکارڈ بھی قائم کیے۔ البتہ 2000 میں نازیہ حسن کی ناگہانی موت کے بعد زوہیب حسن نے موسیقی میں دلچسپی لینا چھوڑ دی اور 2003 میں ان کے نغمے ’’خوبصورت‘‘ نے شہرت حاصل کی جب کہ 2006 میں ان کا آخری سولو البم ’’قسمت‘‘ کچھ خاص شہرت حاصل نہ کر سکا۔ اس کے بعد انہوں نے ’’کوک اسٹوڈیو‘‘ کے صرف ایک سیزن میں اپنی آواز کا جادو جگایا تاہم کوئی نئی البم نہیں لائے۔
لیکن پاپ موسیقی پسند کرنے والوں کے لئے خوشخبری ہے کہ زوہیب حسن بہت جلد اپنے نئے میوزک البم ’’سگنیچر‘‘ کے ساتھ 10 سال بعد دوبارہ گلوکاری کے میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زوہیب 21 جولائی کو اپنا نیا البم ریلیز کریں گے۔ زوہیب کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے نئے البم کے ذریعے اپنی مرحومہ بہن نازیہ حسن کو خراج تحسین پیش کیا ہے؛ اور امید ہے یہ شائقین کو ضرور پسند آئے گا۔ انہوں نے البم میں شامل گانوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ویسے تو سارے گانے ہی بہت اچھے ہیں لیکن ایک گانا ’’سنو سنو‘‘ موسیقی کے دلدادہ افراد کو سب سے زیادہ پسند آئے گا۔ زوہیب حسن نے اپنا نیا میوزک البم برطانوی میوزک ڈائریکٹر ڈی جے سوامی کے ساتھ مل کر بنایا ہے جب کہ یہ البم ای ایم آئی پاکستان کے تحت جاری کی جا رہی ہے۔