اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

فرانس میں شہنشاہیت کا خاتمہ

سجل علی, دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف کے لئے خطرہ

سجل علی, دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف کے لئے خطرہ

ممبئی: خوبصورت آنکھوں اور دلکش چہرے والی نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف کے لئے خطرہ بن گئیں۔
اپنی پہلی ہی بالی ووڈ فلم ’’مام‘‘ کے ذریعے بھارتی فلم انڈسٹری پر دھاک جمانے والی پاکستانی اداکارہ سجل علی کا موازنہ بھارتی میڈیا نے بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف اور ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ سجل بالی ووڈ اداکاراؤں کے لئے مستقبل میں خطرہ بن سکتی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سجل علی نے حال ہی میں ریلیز ہوئی اپنی پہلی بالی ووڈ فلم ’’مام‘‘ میں اتنی شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے کہ پوری بھارتی انڈسٹری ان کی دیوانی ہو گئی ہے جب کہ ان کی خوبصورتی اور اسٹائل کی بھی بے حد تعریف کی جا رہی ہے۔ فلم میں سجل علی نے مظلوم لڑکی کا کردار اس خوبصورتی سے نبھایا ہے کہ دیکھنے والوں کو حقیقت کا گمان ہوتا ہے جب کہ شائقین بھی سجل کی اداکاری کو داد دئے بغیر نہیں رہ سکے۔ بہترین اداکاری اور معصوم حسن کے باعث بھارتی میڈیا نے سجل علی کو دپیکا اور کترینہ کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں سجل بھارتی اداکاراؤں کی جگہ لے سکتی ہیں۔
فلم ’’مام‘‘ کی کہانی نو عمر لڑکی کے ساتھ زیادتی اور اپنی بیٹی پر ہونے والے ظلم کا بدلہ لینے کے لئے ایک ماں کی کوششوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں سری دیوی محبت کرنے والی ماں اور سجل علی نے ان کی بیٹی کا کردار نبھایا ہے۔ گو کہ فلم کی کہانی ظلم اور بدلے جیسے روایتی موضوع کے گرد گھومتی ہے لیکن سری دیوی، سجل علی اور عدنان صدیقی کی مضبوط اور شاندار اداکاری نے لوگوں کو اپنا گرویدہ کر لیا۔
واضح رہے کہ سجل پاکستان شوبز انڈسٹری کا جانا پہچانا نام ہیں۔ وہ کئی کامیاب ڈراموں اورپاکستانی فلم ’’زندگی کتنی حسین ہے‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ فلم ’’مام‘‘ میں کام کے حوالے سے سجل علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ بھارت جا کر کام کریں گی، یہ ان کے لئے ایک خواب جیسا ہے۔ انہوں نے بھارت میں مزید کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ مستقبل میں اگر مزید کام کی پیشکش ہوئی تو وہ ضرور کریں گی۔