اشاعت کے باوقار 30 سال

چین اور اقوام متحدہ کی مداخلت پر بھارت اور کٹھ پتلی حکومت بوکھلا گئی

چین اور اقوام متحدہ کی مداخلت پر بھارت اور کٹھ پتلی حکومت بوکھلا گئی

سری نگر / ٹورنٹو / نئی دہلی: چین اور اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر میں مداخلت پر بھارت اور کٹھ پتلی حکومت بوکھلا گئی، بھونڈے الزامات لگانے شروع کر دیے۔
مقبوضہ کشمیرکی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھونڈا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے بھی مقبوضہ کشمیر میں مداخلت شروع کر دی ہے۔ محبوبہ مفتی نے وزیر داخلہ راج ناتھ سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر کی سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتوں نے کشمیر میں مداخلت شروع کر دی ہے اور جب تک تمام جماعتیں متحد نہیں ہوتیں ہم یہ لڑائی نہیں جیت سکتے۔ انھوں نے کہا کہ چین نے بھی مقبوضہ کشمیرکی صورت حال میں ہاتھ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقوں ترال اور پوہو میں ہزاروں لوگوں نے شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔بھارتی فوجیوں نے مختار احمد لون اور پرویز احمد میر نامی نوجوانوں کو ہفتے کو ترال کے علاقے ستورہ میں ایک پر تشدد آپریشن کے دوران شہید کیا تھا۔ شہید نوجوانوں کو آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں آبائی علاقوں آمر آباد اور پوہو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
لوگوں کی کثیر تعداد کے سبب شہید مختار احمد لون کی نماز جنازہ 3 مرتبہ پڑھی گئی۔ خواتین نے اپنے گھروں کی چھتوں سے شہید کے جسد خاکی پر گل پاشی کی۔ نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ اور ملحقہ علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارت مخالف مظاہرے روکنے کے لیے علاقے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہل کار تعینات کیے گئے تھے۔
ٹورنٹو میں گزشتہ روز ایک کانفرنس کے دوران کینیڈا کے سیکڑوں شہریوں نے ممتاز کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کی پہلی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس کا اہتمام ’فرینڈر آف کشمیر کمیٹی کینیڈا‘ نے کیا تھا۔ بھارتی فوجیوں کی طرف سے ضلع کپواڑہ کے 12 دیہات میں شروع کیا جانے والا تلاشی آپریشن اتوار کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔ آپریشن کے باعث علاقے کے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں 2010 کی احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہل خانہ نے انصاف کی فراہمی کے لیے پریس کالونی سری نگر میں احتجاجی دھرنا دیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے چین کے بعد اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس کی طرف سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے بارے میں بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ و جدل کوئی حل نہیں بلکہ اس دیرینہ تنازعہ کو مذاکرات اور افہام و تفہیم سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علی گیلانی نے سیکریٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ اس معاہدے پر عمل درآمد کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ انھوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں تنازع کشمیر فلیش پوائنٹ بنتا جا رہا ہے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مزید تاخیر علاقائی امن کے لیے انتہائی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے کہا ہے کہ بندوق اور جنگی مہمات سے مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا جا سکتا اور کشمیر میں قیام امن کے لیے فوری اورمؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ سید احمد بخاری نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے نام ایک خط ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں کشیدہ صورت حال کے باعث بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جب کہ جنت نظیر کشمیر آنسوؤں کی وادی بن چکی ہے۔ انھوں نے کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر زور دیا ہے۔

loading...