اشاعت کے باوقار 30 سال

پاکستان اسٹیل ملز مسائل کے پہاڑ تلے دب گئی

پاکستان اسٹیل ملز مسائل کے پہاڑ تلے دب گئی

کراچی: مالی مشکلات سے دوچار پاکستان اسٹیل ملز مسائل کے پہاڑ تلے دب گئی، پاکستان اسٹیل ملز پر واجبات ریکارڈ 200 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں، نجی ٹی وی نے سر کاری دستاویزات کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی مالی مشکلات میں ہر گزرتے روز کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور مجموعی واجبات 200 ارب روپے سے بڑھ گئے، اسٹیل ملز پرنیشنل بینک کے واجبات 50 ارب روپے سے بھی تجاوز کر گئے ہیں جبکہ حکومتی قرض 40 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز پر نیشنل بینک، حکومتی قرض، کے الیکٹرک، گیس اور بجلی چارجز، میڈیکل اخراجات، ملازمین کی تنخواہوں، گریجویٹی اور پراویڈنٹ فنڈز کی مد میں واجبات بڑھ رہے ہیں، پاکستان اسٹیل ملز کے نقصانات میں ہر ماہ میں ایک ارب 40 کروڑ روپے کا اضافہ ہو رہا ہے۔ دستاویز کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کے پاس فنڈز ہیں اور نہ ہی منافع کا کوئی ذریعہ بچا ہے، اس لیے مالی وسائل کے لئے اسٹیل ملز کی اراضی اور تیار مصنوعات بیچ کر فنڈز حاصل کرنے کے دو ہی ذرائع بچے ہیں۔ دستاویز کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کا انتظام و انصرام ایڈہاک بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے، اسٹیل ملز کے 8 ڈائریکٹوریٹ میں سے ایک بھی موجود نہیں جبکہ ادارے میں 25 جنرل منیجرز میں سے صرف 3 جی ایم ہیں اور گیس بندش کے باعث اسٹیل مل گزشتہ 2 سال سے بند پڑی ہے۔

loading...