اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

فرانس میں شہنشاہیت کا خاتمہ

کلبھوشن یادیو کی والدہ کو پاکستان کا ویزا دیا جائے

کلبھوشن یادیو کی والدہ کو پاکستان کا ویزا دیا جائے

نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کی والدہ کو پاکستان کا ویزا دیا جائے جب کہ میں اس حوالے سے سرتاج عزیز کو بھی خط لکھ چکی ہوں مگر خط وصول ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹوئٹ میں پاکستان سے اس بات کی شکایت کی کہ وہ بھارتی ایجنٹ کلبھو شن یادیو کی والدہ کو اپنے بیٹے سے ملنے کے لیے پاکستان کا ویزا نہیں دے رہا۔ ہم نے آوانتیکا یادیو کی ویزا درخواست پاکستانی حکومت کو بھیجی ہے تاکہ وہ اپنے بیٹے سے ملاقات کر سکیں جس کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کلبھوشن یادیو کی ماں کو ویزا دئے جانے کے لیے ذاتی طور پر سرتاج عزیز کو خط لکھا تھا لیکن انہوں نے تو میرے خط وصول ہو نے کی تصدیق تک نہیں کی۔
سشما سوراج نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ میری ہمدردیاں ان تمام پاکستانیوں کے ساتھ ہیں جو بھارت میں علاج کے لیے میڈیکل ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستانیوں کو ویزا دینے کے لیے بھارت کو وزیر اعظم کے مشیر برائے اْمور خارجہ سرتاج عزیز کی منظوری چاہیے۔ واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے گرفتار جاسوس کلبھوشن یادیو کو دہشت گردانہ سرگرمیوں اور جاسوسی میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنا دی گئی ہے جس پر کلبھوشن نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے معافی مانگ لی ہے اور ایک اعترافی ویڈیو میں اپنے خلاف تمام الزامات کا اعتراف کرتے ہوئے رحم کی اپیل بھی کی ہے۔