اشاعت کے باوقار 30 سال

پاکستان بھارت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے

نئی دہلی: پاکستان پر ایک بار پھر کشمیر میں حالات بگاڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان بھارت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اگر ملک میں کسی بھی طرح کی دہشت گردی ہے تو وہ پاکستان کی حمایت یافتہ ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی میں ایک تقریب کے دوران کشمیر کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت میں جب جنگجوؤں کو ہلاک کیا جاتا ہے تو پاکستان میں یوم سیاہ منایا جاتا ہے ہمارا پڑوسی ناپاک حرکتیں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیر کی صورت حال پر تشویش ہے اور حکومت اسے بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمیں کشمیر میں حالات کو بہتر کرنے کے لئے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب لائن آف کنٹرول پر بار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر کے بھارتی شہریوں کو نشانہ بنانے میں مصروف ہے اور گزشتہ کئی روز سے سرحدوں پر گولہ باری کے نتیجے میں کئی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں ۔ راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے کی جانے والی ان کوششوں کو اب زیادہ دیر برداشت نہیں کیا جائے گا اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پڑوسی ملک کے ساتھ بہتر تعلقات کے قیام کا خواہاں رہا ہے تاہم اس کی تمام کوششوں پر پاکستان نے ہمیشہ پانی پھیرا ہے اور متعدد بار حالات بہتری کی طرف جاتے جاتے پھر پٹڑی سے اتر گئے ۔