اشاعت کے باوقار 30 سال

دلہن بارات کے دن پریمی کے ساتھ بھاگ گئی

دلہن بارات کے دن پریمی کے ساتھ بھاگ گئی

ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے دارالخلافہ میں ایک دولہے کو اس وقت شدید خفت کا سامنا کرنا پڑا جب بارات والے روز اس کی دلہن شادی ہال پہنچنے کے بجائے اپنے پریمی کے ساتھ بھاگ گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شری کانت کمبلے نامی شخص ممبئی کے ایک ہال میں پوری بارات کے ساتھ سج دھج کر اسٹیج پر بیٹھا بیتابی سے اپنی دلہن پوجا بھنڈاری کا انتظار کر رہا تھا لیکن شاید اس کی قسمت میں کچھ اور ہی لکھا تھا اور جب کافی ٹائم گزر جانے کے بعد بھی اس کی دلہن نہ پہنچی تو دولہے کو یقین ہو گیا کہ اس کے ساتھ دھوکا ہوا ہے لہذا وہ سیدھا پولیس اسٹیشن جا پہنچا اور دلہن کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ شری کانت کمبلے نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا کہ وہ پچھلے 2 ماہ سے شادی کی تیاریاں کر رہا تھا اور اس تقریب کے لئے اس نے 2 لاکھ روپے خرچ کردئے جو سرے سے ہوئی ہی نہیں۔ دولہے کی شکایت کے بعد پولیس نے دلہن والوں کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر دیا جب کہ ڈپٹی کمشنر پولیس نے شری کانت کمبلے کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ دھوکہ دہی کرنے والوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ دوسری جانب مقدمے میں نامزد ملزمہ پوجا بھنڈاری خود پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور انکشاف کیا کہ شری کانت کمبلے سے زبردستی میری شادی کروائی جا رہی تھی اس لئے میں جس سے پیار کرتی تھی اس کے ساتھ بھاگ گئی تھی۔