اشاعت کے باوقار 30 سال

برطانوی شاہی خاندان میں سے اب کوئی بھی بادشاہ یا ملکہ بننا نہیں چاہتا

برطانوی شاہی خاندان میں سے اب کوئی بھی بادشاہ یا ملکہ بننا نہیں چاہتا

لندن: تخت پر بیٹھ کر حکمرانی کا لطف اٹھانا کسے پسند نہیں لیکن برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے یہ انکشاف کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان میں سے اب کوئی بھی بادشاہ یا ملکہ بننے کی خواہش نہیں رکھتا۔
دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق پرنس ہیری نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شاہی خاندان کے بدلتے ہوئے نظریات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا ”ہم برطانوی ملوکیت کو جدید طرز پر استوار کرنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ ہم یہ اپنے لئے نہیں کر رہے بلکہ عوام کے لئے کر رہے ہیں۔ اگر آپ پوچھیں کہ شاہی خاندان میں سے کوئی بادشاہ یا ملکہ بننا چاہتا ہے تو میرا جواب ہو گا کہ کوئی بھی ایسا نہیں چاہتا، لیکن ہم مناسب وقت پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔“
بتیس سالہ پرنس ہیری اس سے پہلے بھی متعدد بار اس خیال کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ بادشاہ نہیں بننا چاہتے۔ انہوں نے اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی وفات کے وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 12 سال کی عمر میں اپنی والدہ کے تابوت کے ساتھ چلنا پڑا، کسی بھی بچے کو کسی بھی حالت میں اس صورت حال سے نہیں گزرنا چاہیے۔ انہوں نے اپنے دکھ اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا ”میری والدہ کی ابھی موت ہوئی تھی اور مجھے ان کے تابوت کے ساتھ طویل فاصلے تک چلنا پڑا۔ میرے اردگرد ہزاروں لوگ مجھے دیکھ رہے تھے جب کہ لاکھوں مزید ٹی وی پر اس منظر کو دیکھ رہے تھے۔ میں نہیں سمجھتا کہ کسی بچے کے ساتھ اس طرح ہونا چاہیے، کسی بھی حالت میں نہیں۔ میرا نہیں خیال کہ آج کے دور میں کوئی ایسا کرے گا۔“ پرنس ہیری کا مزید کہنا تھا کہ ان کی والدہ نے انہیں ایک عام آدمی کی طرح زندگی گزارنا سکھایا اور اگر ان کے بچے ہوں گے تو وہ بھی عام لوگوں کی طرح زندگی گزاریں گے۔

loading...