اشاعت کے باوقار 30 سال

لندن، ڈرائیور نے تراویح پڑھ کر نکلنے والوں پر وین چڑھا دی

لندن، ڈرائیور نے تراویح پڑھ کرنکلنے والوں پر وین چڑھا دی

ندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں شہریوں پر گاڑی چڑھانے کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، جہاں فینزبری پارک کے قریب ایک حملہ آور نے تراویح پڑھ کر مسجد سے نکلنے والے شہریوں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے 2افراد جاں بحق جب کہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جائے وقوع پر موجود گاڑی کے 48 سالہ ڈرائیور کو لوگوں نے پکڑ لیا، جسے بعدازاں پولیس نے گرفتار کرلیا ۔پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق جب کہ دوسرے نے ہسپتال کے راستے میں دم توڑ دیا ، واقعہ میں 10 زخمی ہوئے، جنھیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، دوسری جانب ڈرائیور کو بھی ہسپتال لے جایا گیا ہے، جہاں اس کی ذہنی حالت کی جانچ کی جائے گی۔پولیس کے مطابق انھیں واقعے کی اطلاع رات ساڑھے 12 کے قریب ملی، جس کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا۔ مسلم کونسل برطانیہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہمیں اطلاع ملی کے فنزبری پارک مسجد سے نکلنے والے نمازیوں پر ایک حملہ آور نے وین چڑھا دی، ہماری دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ایم سی بی کے سربراہ ہارون خان کا کہنا تھا کہ وین نمازیوں پر جان بوجھ کر چڑھائی گئی، جو ماہ رمضان میں تراویح پڑھ کر مسجد سے نکل رہے تھے۔ ایک عینی شاہد عبدی قادر نے بتایا کہ حملہ آور نے چند لوگوں کو روند ڈالا، جب کہ کچھ لوگوں کو وہ سڑک پر چند کلومیٹر تک گھسیٹتے ہوئے لے گیا'۔ ایک 41 سالہ عینی شاہد ڈیوڈ روبنسن کے مطابق ہم نے بہت سے لوگوں کو چلاتے ہوئے دیکھا اور بہت سے لوگ زخمی تھے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے فنزبری پارک مسجد کے قریب پیش آنے والے سانحے کو 'خوفناک واقعہ' قرار دیا۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی دعائیں اور نیک تمنائیں متاثرین اور جائے وقوع پر موجود ایمرجنسی سروسز کے اہل کاروں کے ساتھ ہیں۔ رواں برس لندن میں دہشت گردی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ 22 مارچ کو برطانوی پارلیمنٹ کے باہر اور اطراف میں بیک وقت دہشت گردی کے متعدد حملوں میں حملہ آور سمیت 5 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے تھے۔ 22 مئی کو برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع برٹش ایرینا میں ایک خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں 22 افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔بعدازاں رواں ماہ جون کے آغاز میں بھی عسکریت پسندوں نے لندن بریج پر پیدل چلنے ولے مسافروں پر تیز رفتار وین چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

loading...