اشاعت کے باوقار 30 سال

لندن میں 24 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 6 افراد ہلاک، 50 زخمی

لندن میں 24 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 6 افراد ہلاک، 50 زخمی

لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں 24 منزلہ عمارت میں آتشزدگی سے 6 افراد جھلس کر ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق لندن کے لٹمر روڈ پرواقع 24 منزلہ رہائشی گرینفل ٹاور میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ میٹرو پولیس نے 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد افراد بدستور لاپتہ ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی 40 گاڑیاں پہنچیں، تاہم بعد میں اس میں اضافہ کر دیا گیا۔ اب بھی 400 فائر فائٹر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ عمارت کے زمین بوس ہونے کے خطرے کے پیش نظر پولیس عوام کو اس عمارت سے دور کر رہی ہے۔ لندن فائر بریگیڈ کے نائب کمشنر ڈین ڈیلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گرینفل ٹاور نامی اس عمارت میں 120 رہائشی فلیٹس ہیں، عمارت سے کئی لوگوں نے کود کر اپنی جانیں بچائی ہیں جب کہ اب بھی کئی لوگ اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ لندن کے مئیر صادق خان نے آتشزدگی کے اس واقعے کو بہت بڑا واقعہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ آگ پر قابو پانے اور اس سے پہنچنے والے مزید نقصان سے بچنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

loading...