اشاعت کے باوقار 30 سال

منشیات سمگلنگ کا نیا انداز

منشیات سمگلنگ کا نیا انداز

شنگھائی: زمانہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں نئی نئی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ ایک حیرت انگیز تبدیلی سمگلنگ کے شعبے میں بھی آئی ہے جہاں سوٹ کیس کے اندر منشیات چھپا کر لے جانے کا طریقہ اب پرانا ہو گیا ہے کیونکہ اس کی جگہ منشیات سے بنائے گئے سوٹ کیسوں نے لے لی ہے۔ یہ ناقابل یقین انکشاف چینی شہر شنگھائی کے ایرپورٹ پر ہوا ہے جہاں ایک خاتون کو منشیات چھپا کر لانے کی بجائے منشیات سے بنے سوٹ کیس لانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی ایشیاء کے ایک ملک سے تعلق رکھنے والی اس خاتون کے سامان میں کالے رنگ کے دو سوٹ کیس شامل تھے۔ کسٹمز اہل کاروں کو ان سوٹ کیسوں کے غیر معمولی کالے رنگ کی وجہ سے کچھ شکوک و شبہات محسوس ہوئے۔ انہوں نے سوٹ کیسوں کو خالی کر کے ان کی تلاشی لی لیکن کوئی قابل اعتراض چیز برآمد نہ ہوئی۔ لیکن جب ایک اہل کار نے خالی سوٹ کیس کو اٹھانے کی کوشش کی تو اس کے غیر معمولی وزن نے اسے حیران کر دیا۔ اس سو ٹ کیس کا وزن ناقابل یقین حد تک زیادہ تھا۔ اس معاملے کی تحقیق کرنے کے لئے سوٹ کیسوں کا خصوصی معائنہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ یہ خاص قسم کے موٹے پلاسٹک سے بنے ہوئے تھے جس میں انتہائی مہارت کے ساتھ بھاری مقدار میں کوکین مکس کی گئی تھی۔ سوٹ کیسوں کا معائنہ کرنے والے ماہرین نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ان کے پلاسٹک میں 10 کلوگرام سے زائد کوکین مکس کی گئی تھی۔

loading...