اشاعت کے باوقار 30 سال

بیک وقت 3 ممالک میں واقع دنیا کا واحد ایئرپورٹ

 بیک وقت 3 ممالک میں واقع دنیا کا واحد ایئرپورٹ

پیرس: دنیا کے ہر ملک میں کچھ ’’انٹرنیشنل‘‘ ایئرپورٹس ہوتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسے ایئرپورٹ کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں جو حقیقت میں انٹرنیشنل ہے کیونکہ یہ ایئرپورٹ ایک نہیں، دو نہیں بلکہ بیک وقت تین ملکوں میں واقع ہے۔ یہ یورو ایئرپورٹ باسل، مل ہاؤس ، فری برگ ہے۔ باسل مل ہاؤس اور فری برگ تین شہروں کے نام ہیں۔ باسل سوئٹزرلینڈ، مل ہاؤس فرانس اور فری برگ جرمنی کا شہر ہے۔ اس طرح یہ ایئرپورٹ بیک وقت سوئٹزرلینڈ، جرمنی اور فرانس میں واقع ہے۔ ایئرپورٹ کا رن وے دراصل فرانس کی حدود میں ہے لیکن اس کے 2 کسٹمز ایریاز ہیں، ایک فرانس اوردوسرا سوئٹزرلینڈ اور جرمنی کا ہے۔ اس ایئرپورٹ سے آپ کون سے ملک سے کس ملک میں داخل ہونا چاہتے ہیں یہ ایئرلائنز پر منحصر ہے۔ یہ ایئرپورٹ جرمنی کے بارڈر سے صرف 4 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور جرمنی کے شہریوں کو بھی بطور جرمن ایئرپورٹ سفری سہولیات بہم پہنچاتا ہے۔ جرمن شہریوں کو اس ایئرپورٹ تک جانے کے لیے پاسپورٹ یا محض جرمن شناختی کارڈ کی ضرورت ہوتی ہے۔ پاسپورٹ یا کارڈ دکھا کر وہ بارڈر عبور کرتے ہیں اور ایئرپورٹ میں چلے جاتے ہیں۔ اس ایئرپورٹ کے 3 آئی اے ٹی اے ایئرپورٹ کوڈ ہیں اور جرمنی کے شہری جرمن آئی اے ٹی اے کوڈ ای اے پی(EAP) کے تحت سامان بک کرواتے اور سفر کرتے ہیں۔

loading...