اشاعت کے باوقار 30 سال

ٹرمپ کی ٹوئٹ کا جواب دینے کے علاوہ کرنے کو اور بہت سارے اہم کام ہیں

ٹرمپ کی ٹوئٹ کا جواب دینے کے علاوہ کرنے کو اور بہت سارے اہم کام ہیں

لندن: لندن کے میئر صادق خان کے پاس لندن میں دہشتگرد حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھیجی گئی ’’بے بنیاد‘‘ ٹوئٹ کا جواب دینے کے علاوہ کرنے کو اور بہت سارے اہم کام ہیں، یہ بات ان کے دفتر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کئے گئے بیان میں بتائی گئی ہے۔ صادق خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ میئر اس خوفناک اور بزدلانہ دہشتگرد حملے کا جواب دینے کے لئے کام میں مصروف ہیں۔ ان کے پاس ڈونلڈ ٹرمپ کے بے بنیاد ٹوئٹ کا جواب دینے کی بجائے کرنے کے لئے اور بہت سارے انتہائی اہم کام ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹ میں ان کے اس بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر بیان کیا گیا تھا کہ جس میں انہوں نے لندن کے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ مسلح پولیس آفیسرز کے علاوہ سڑکوں پر مزید پولیس اہلکار دیکھ کر خوفزدہ نہ ہوں۔ ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا تھا کہ وقت آچکا ہے کہ ہم سیاسی طور پر خود کو صحیح ثابت کرنا چھوڑ دیں اور لوگوں کی سلامتی کے لئے کام کریں اور صادق خان کی حقارت آمیزی کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دہشتگردی کے اس حملے میں کم از کم ساتھ افراد ہلاک اور 48 افراد زخمی ہوئے اور لندن کے میئر کا کہنا ہے کہ خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ہفتے کو تین حملہ آوروں کا لندن برج پر راہگیروں پر وین چڑھانے اور خوشیاں منانے والوں پر چاقو سے حملہ کرنے کے بعد صادق خان نے لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ زیادہ پولیس اہلکاروں کی سڑکوں پر موجودگی دیکھ کر خوف زدہ نہ ہوں۔

loading...