اشاعت کے باوقار 30 سال

یورپ دہشتگردی کی لپیٹ میں، 1 سال میں 130 افراد ہلاک

یورپ دہشتگردی کی لپیٹ میں، 1 سال میں 130 افراد ہلاک

لندن: گزشتہ ایک برس کے دوران یورپ میں دہشت گردی کے واقعات میں 130 افراد ہلاک اور پانچ سو سے زائد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کی پے در پے کارروائیوں نے یورپ کو ہلا کر رکھ دیا ہے، 22 مارچ 2016ء کو بلجیم کے دارالحکومت برسلز کے ہوائی اڈے اور میٹرو ٹرین اسٹیشن میں دھماکے ہوئے، ان دھماکوں میں 18 افراد ہلاک اور 300 زخمی ہوئے۔ 14 جولائی 2016 فرانس کے شہر نیس میں قومی دن کی تقریبات کے دوران دہشت گرد نے ہجوم پر ٹرک چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 84 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ 18 جولائی 2016 جرمن شہر فورٹسبرگ میں ٹرین میں سوارحملہ آور نے چھریوں کے وار کر کے چارمسافروں کو زخمی کر دیا۔ 25 جولائی 2016 کو جرمنی میں ہونیوالی موسیقی کی تقریب میں دھماکے میں پندرہ افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا۔ 19دسمبر 2016ء میں جرمن دارالحکومت برلن میں ڈرائیور نے ٹرک شہریوں پر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 48 افراد زخمی ہو گئے۔ 22 مارچ 2017ء میں لندن میں ایک حملہ آور نے برطانوی پارلیمان کے باہر ویسٹ منسٹر پل پر لوگوں کے اوپر گاڑی چڑھا دی۔ حملے میں چار افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہوئے۔ پولیس کی کارروائی میں حملہ آّور ہلاک ہو گیا۔ حملہ اس وقت ہوا جب برطانوی وزیراعظم تھریسا مے پارلیمنٹ میں موجود تھیں۔

loading...